Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش میں کڑپہ اور وجئے واڑہ میں حج ہاوز کی تعمیر

آندھرا پردیش میں کڑپہ اور وجئے واڑہ میں حج ہاوز کی تعمیر

عازمین کی روانگی میں سہولت کیلئے اقدامات ‘ وزیر اقلیتی بہبود پی رگھوناتھ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/22مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے اعلان کیا کہ آندھرا پردیش حکومت کڑپہ اور وجئے واڑہ میں حج ہاوز تعمیر کرے گی تاکہ عازمین حج کی حج بیت اللہ کو روانگی میں سہولت ہو۔ ڈاکٹر رگھوناتھ ریڈی آج حج ہاوز میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کمپیوٹر کا بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل احمد شریف، کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابونائیڈو نے عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے لہذا عازمین حج کیلئے گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے انتخاب از خود عظیم نعمت ہے اور اللہ تعالیٰ کے گھر حاضری باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار فریضہ حج ادا کرے اور آج قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں ساتھ ہی ان سے درخواست ہے کہ وہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے حق میں خصوصی دعاء کریں۔ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ جاریہ سال حکومت نے 720کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور حج کمیٹی کیلئے 15کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت 4 فیصد مسلم تحفظات کی برقراری کیلئے سنجیدگی سے قانونی لڑائی لڑ رہی ہے۔ سپریم کورٹ میں ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہوئے تحفظات کے مقدمہ کی پیروی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تحفظات کی برقراری کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو 4 فیصد تحفظات کی برقراری کیلئے کافی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ میں ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کا اعلیٰ عہدیداروں کو مکمل اختیار دیا ہے۔ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف نے کہا کہ کڑپہ میں حج ہاوز کی تعمیر کیلئے 12کروڑ روپئے مختص کئے گئے کیونکہ وہاں انٹرنیشنل ایر پورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ اسی طرح وجئے واڑہ میں 4ایکر اراضی پر حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے آندھرا حج کمیٹی ارکان کو نامزد کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کمیٹی کو عازمین کی خدمت کا موقع فراہم ہوگا۔ شیخ محمد اقبال آئی پی ایس کمشنر اقلیتی بہبود نے منتخب عازمین کو مبارکباد پیش کی اور دعاؤں کی درخواست کی ۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں غیر منتخب درخواست گذاروں کو مشورہ دیا کہ وہ مایوسی کا شکار نہ ہوں بلکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے جذبہ کو برقرار رکھیں اللہ تعالیٰ ضرور موقع دیگا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تفصیلات بیان کیں۔ آندھرا حج کمیٹی کے نونامزد ارکان موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT