Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ ، کانگریس کارکنوں کو خود کشی نہ کرنے کی تلقین

آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ ، کانگریس کارکنوں کو خود کشی نہ کرنے کی تلقین

پارٹی کارکنوں کی خود کشی پر اظہار افسوس ، راہول گاندھی کا دہلی میں میڈیا سے خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے خود کشی نہ کرنے کا کانگریس کے کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ آج دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راہول گاندھی نے تروپتی میں کانگریس کارکن کی خود کشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی ریاست کا موقف آندھرا پردیش کا حق ہے ۔ تلنگانہ ریاست تشکیل دیتے وقت کانگریس پارٹی کے زیر قیادت یو پی اے حکومت نے پارلیمنٹ میں آندھرا پردیش کو آئندہ پانچ سال تک خصوصی ریاست کا موقف دینے کا وعدہ کرتے ہوئے بل میں اپنے وعدے کو شامل کیا تھا ۔ اس پر عمل آوری این ڈی اے حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بل راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا تھا اس وقت مسٹر وینکیا نائیڈو نے آندھرا پردیش کو 10 سال کے لیے خصوصی ریاست کا موقف دینے کا مطالبہ کیا ۔ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد آندھرا پردیش کو 10 سال تک خصوصی موقف دینے کا ان ریکارڈ وعدہ کیا تھا ۔ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت قائم ہونے کے 14 ماہ بعد بھی آندھرا پردیش کو 10 سال تو دور 5 سال تک بھی خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیا گیا ۔ آندھرا پردیش میں خصوصی ریاست کا موقف حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تحریک چل رہی ہے ۔ کانگریس کے ایک کارکن نے خودکشی بھی کی ہے باوجود اس کے این ڈی اے حکومت خاموش تماشائی ہے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات و پارلیمانی وزیر مسٹر وینکیا نائیڈو تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف دلانے کے لیے جدوجہد کرے گی اور آندھرا پردیش کے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں اور نوجوانوں کو خود کشی کرتے ہوئے زندگیاں ضائع کرنے کے بجائے زندہ رہ کر جدوجہد کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے لیے خصوصی ریاست کا موقف حاصل کرنے پر زور دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT