Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کو ’ نمبرون ‘ ریاست بنانے کی بھر پور کوشش

آندھرا پردیش کو ’ نمبرون ‘ ریاست بنانے کی بھر پور کوشش

حیدرآباد۔/19اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ دریائے کرشنا آندھرائی عوام کی زندگیوں کیلئے نئی روشنی کے مانند ہے اور اس طرح آندھرا پردیش کی ہمہ جہتی ترقی کے ذریعہ ریاست آندھرا پردیش کو ’ نمبر ون ‘ بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے وجئے واڑہ میں دریائے کرشنا کے پاس منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت کا مکمل خاتمہ صرف اور صرف تعلیم کے ذریعہ ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے ذریعہ ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماں باپ اپنے بچوں کو کوئی جائیداد وغیرہ نہ بھی دیں لیکن بچوں کو اچھی تعلیم دلوادینا ہی ان کے درخشاں مستقبل کیلئے کافی ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ حکومت آندھرا پردیش ریاست میں تعلیمی پالیسی کا از سر نو مکمل جائزہ لیتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ علاوہ ازیں ہر ایک کو خواندہ بنانا اور زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کا اہم مقصد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2029 تک ریاستی عوام خوش رہنے اور غربت کا مکمل انسداد کرنے کا حکومت نے تہیہ کررکھا ہے۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اگر بچے اچھا پڑھیں گے اور تعلیمی میدان میں اپنی دلچسپی کا اظہار کریں گے تو بعد میں انہیں ملازمتیں فراہم کرنے کی وہ از خود مکمل ذمہ داری لیں گے جبکہ فی الوقت زائد از 20 ہزار مختلف زمروں کی ملازمتیں فراہم کرنے کا حکومت آندھرا پردیش نے فیصلہ کیا ہے اور ان جائیدادوں پر فی الفور تقررات عمل میں لانے کیلئے حکومت نے باقاعدہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اگر ریاستی عوام کا حکومت کو بھرپور تعاون حاصل رہے تو حکومت دس سال میں کئے جانے والے ترقیاتی اقدامات صرف 5 سال میں ہی کردکھانے کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے ریاستی عوام سے ترقیاتی اقدامات میں بھرپور تعاون کرنے کی پرزور خواہش کی۔

TOPPOPULARRECENT