Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے اسکولی طالبات کے لباس میں تبدیلی

آندھرا پردیش کے اسکولی طالبات کے لباس میں تبدیلی

حکومت کا فیصلہ لڑکیوں کے لیے محفوظ و بہتر ، وزیر تعلیم جی سرینواس کا بیان
حیدرآباد۔13اپریل (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے سرکاری اسکولوں میں لڑکیوں کے یونیفارم سے اسکرٹ اور شرٹ برخواست کرتے ہوئے شلوار قمیض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ حکومت نے تعلیمی سال 2017-18 سے ہی یونیفارم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق اب ریاست آندھراپردیش کے تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہی لڑکیاں اسکرٹ اور شرٹ کے بجائے شلوار قمیض میں نظر آئیں گی۔ سرکاری اسکولوں میں 6ویں جماعت تا 10ویں جماعت میں تعلیم حاصل کررہی طالبات کیلئے یونیفارم کی تبدیلی کا خیر مقد م کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ طالبات کے حق میں کافی بہتر ثابت ہوگا۔ مسٹر جی سرینواس راؤ وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسکرٹ اور شرٹ کی جگہ شلوار قمیض کا فیصلہ لڑکیوں کو پیش آرہے مسائل کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور بہت جلد اس سلسلہ میں احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں تعلیم کے فروغ کے علاوہ ریاست میں لڑکیوں کی تعلیم کو بہتر بنانے اور انہیں مواقع فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ یونیفارم کے رنگ کو ابھی تک قطعیت نہیں دی گئی ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ ہلکا نیلاقمیض اور نیوی بلو دپٹہ اور شلوار ہوگا یا پھر سفید قمیض کو قطعیت دی جائے گی ۔ عہدیداروں کے مطابق احکامات کی اجرائی کی صورت میں تعلیمی سال 2017-18کے لئے سرکاری اسکولوں میں یونیفارم ماہ اگسٹ کے دوران پہنچ جائیں گے اور توقع ہے کہ ان کی تقسیم بھی اسی ماہ عمل میںلائی جائے گی۔ حکومت آندھرا پردیش کے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے مطابق حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے متعلقہ محکمہ جات کو واقف کروادیا گیا ہے لیکن اس سلسلہ میں باضابطہ احکامات کی اجرائی باقی ہے اور توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر سے قبل احکامات جاری کرتے ہوئے نئے یونیفارم کی تیاری کیلئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ یونیفارم میں طالبات خود کو محفوظ تصور کرنے کے علاوہ آرام دہ محسوس کریں ایسے یونفارم تیار کروائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں نئے یونیفارمس کی تیاری میں ہینڈ لوم کے استعمال کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے کیونکہ ریاست آندھرا پردیش میں ہینڈلوم کو فروغ دینے کیلئے بھی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT