Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے عازمین حج قافلوں کی آج سے روانگی

آندھرا پردیش کے عازمین حج قافلوں کی آج سے روانگی

تلنگانہ کے تقریباً عازمین روانہ ، تلبیہ کی گونج سے روح پرور منظر
حیدرآباد۔18 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ آج عازمین حج دو قافلوں کی روانگی کے بعد ابھی تک جملہ 9 قافلے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جس میں 3650 عازمین شامل ہیں۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی کا عمل آج تقریباً مکمل ہوچکا ہے جبکہ 19 اگست سے آندھراپردیش کے عازمین کے قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی۔ آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جن میں 500 عازمین شامل تھے۔ 450 عازمین پر مشتمل قافلے کو اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج ہائوز سے وداع کیا جبکہ 50 عازمین پر مشتمل دوسرے قافلے کو مولانا سید شاہ قاضی اعظم علی صوفی نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ سعودی ایرلائنس کی خصوصی پروازوں سے عازمین کی روانگی عمل میں آرہی ہے تاہم آج 50 عازمین پر مشتمل قافلے کو سعودی ایرلائنس کی ریگولر فلائٹس سے روانہ کیا گیا۔ اس قافلے میں تلنگانہ کے 34 اور کرناٹک کے 16 عازمین شامل تھے۔ ان عازمین کے تمام ضروری امور کی تکمیل حج ہائوز میں کی گئی۔ 450 عازمین پر مشتمل قافلے میں تلنگانہ کے 150 اور کرناٹک کے 300 عازمین شامل تھے۔ تلنگانہ کے عازمین میں 147 کا تعلق حیدرآباد اور دو عادل آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ رنگاریڈی کے دو عازمین بھی اسی فلائٹ سے روانہ ہوئے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سعودی عرب پہنچنے والے اب تک کے تمام قافلے خیریت سے ہیں اور عمرے کی ادائیگی مکمل ہوچکی ہے۔ آج کے دونوں قافلوں کے عازمین رات دیر گئے یا صبح میں عمرے کی سعادت حاصل کرلیں گے۔ مولانا قاضی اعظم علی صوفی نے فضائل حج بیان کئے اور عازمین حج کو صبر و سکون کے ساتھ مناسک حج کی ادائیگی کا مشورہ دیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے قافلوں کی روانگی کے بعد ایرپورٹ کے خصوصی ٹرمینل پہنچ کر انتظامات کی نگرانی کی۔ قافلوں کی روانگی کے موقع پر حج ہائوز کے باہر عازمین کے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی اور تلبیہ کی گونج میں روانگی عمل میں آئی۔ اسی دوران آندھراپردیش کے عازمین کے دو قافلوں کی رپورٹنگ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ یہ دو قافلے کل روانہ ہوں گے۔ آندھرا کے عازمین کی آمد کے ساتھ ہی حج ہائوز کی زیر تعمیر کامپلکس میں جگہ دی گئی ہے۔ اور اس کے استعمال کا آغاز ہوا۔ زیر تعمیر کامپلکس کی تین منزلوں میں آندھراپردیش کے عازمین کو رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر فلور میں 222 عازمین کی گنجائش ہے جبکہ حج ہائوز میں 500 عازمین قیام پذیر ہیں۔ کل 19 اگست کو 450 عازمین پر مشتمل ایک قافلہ صبح 7 بجے اور 11 واں قافلہ رات 10 بجکر 25 منٹ پر پرواز کرے گا۔ انہیں چار گھنٹے قبل حج ہائوز سے روانہ کیا جائے گا۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے صدرنشین مومن احمد حسین نے بتایا کہ آندھراپردیش کے وزیر سماجی بھلائی این آنند بابو قافلہ کو وداع کریں گے۔ اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور دیگر قائدین موجود رہیں گے۔ کل کے قافلوں میں اضلاع کرشنا اور گنٹور کے عازمین کی اکثریت ہے۔

TOPPOPULARRECENT