Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کی تجویز مسترد

آندھرا پردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کی تجویز مسترد

گناورم انٹرنیشنل ایرپورٹ پر امبارگیشن پوائنٹ شامل کرنے سے انکار ، سنٹرل حج کمیٹی
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے آندھرا پردیش کے عازمین حج کو وجئے واڑہ کے گناورم ایر پورٹ سے روانہ کرنے کے منصوبہ کو اس وقت دھکہ لگا جب سنٹرل حج کمیٹی نے آندھرا پردیش کے عہدیداروں کی اس تجویز کو قبول نہیں کیا کہ آندھرا پردیش کیلئے علحدہ امبارگیشن پوائنٹ منظور کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش کے عہدیداروں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی سے ملاقات کی اور اس بات کی خواہش کی کہ 2017کے عازمین حج کی روانگی کا وجئے واڑہ سے انتظام کیا جائے۔ گناورم انٹر نیشنل ایرپورٹ کو عازمین حج کے امبارگیشن پوائنٹ کی حیثیت سے شامل کیا جائے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے واضح کیا کہ سنٹرل حج کمیٹی امبارگیشن پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کے موقف میں نہیں ہے لہذا آندھرا پردیش کے عازمین کو گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے ہی جانا ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی کے اس موقف کے بعد تلنگانہ سے مسلسل چوتھی مرتبہ آندھرا پردیش کے عازمین حج روانہ ہوں گے۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کو حیدرآباد میں ہی حج کیمپ منعقد کرنا ہوگا اور اس کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کی جاسکتی ہے۔ گذشتہ سال تلنگانہ حج کمیٹی نے آندھرا پردیش کے عازمین حج کو تمام سہولتیں فراہم کرتے ہوئے فی عازم 200 روپئے بطور سرویس چارج حاصل کئے تھے۔ توقع ہے کہ عازمین حج کی قرعہ اندازی کے بعد دونوں حج کمیٹیوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے اور حج ہاوز میں دونوں ریاستوں کا مشترکہ حج کیمپ منعقد ہوگا۔ سابق کی طرح پہلے مرحلہ میں تلنگانہ اور دوسرے مرحلہ میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ آندھرا پردیش حکومت نے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے بعد وجئے واڑہ سے عازمین کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لئے حج کوٹہ کا اعلان 12 مارچ سے قبل کردیا جائے گا کیونکہ 14 مارچ سے حج کمیٹی کی مختلف ریاستوں میں قرعہ اندازی کا آغاز ہورہا ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے قرعہ اندازی کی تاریخ 18 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ تلنگانہ حکومت جاریہ سال خصوصی کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں ابھی تک مرکز سے حوصلہ افزاء ردعمل حاصل نہیں ہوا۔ ہر ریاست کیلئے 20 فیصد کوٹہ میں اضافہ کی تجویز ہے۔ تلنگانہ کو موصولہ درخواستوں کے اعتبار سے توقع ہے کہ بہت کم نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ہوپائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT