Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر راجدھانی کیلئے حصول اراضیات کے مخالف

آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر راجدھانی کیلئے حصول اراضیات کے مخالف

آپ کے گھر آپ کی زمین پرو گرام سبھائیں کامیاب ، جعلی پاس بک کی نشاندہی کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش ریونیو امور مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے ایک حیرت انگیز انکشاف کیا کہ وہ شخصی طور پر راجدھانی ( دارالحکومت ) کی تعمیر کے لیے اراضیات کے حصول کے مخالف ہیں اور کہا کہ راجدھانی کے لیے اب تک حکومت کی جانب سے مزید اراضیات کے حصول کی ہرگز ضرورت نہیں ہے کیوں کہ اب تک ہی حکومت کی جانب سے 33 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے ۔ آج یہاں سکریٹریٹ آندھرا پردیش میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے مزید کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں 11,409 گرام سبھائیں منعقد کر کے ’ آپ کے گھر آپ کی زمین ‘ پروگرام کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی اور یہ پروگرام کافی حد تک کامیاب ثابت ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے گھر آپ کی زمین پروگرام کو توسیع دینے کی چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے انہوں نے از خود خواہش کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور ریونیو مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے کامیاب انعقاد عمل میں لانے کے باعث ریاست بھر میں ( آندھرا پردیش میں ) زائد از 10 ہزار جعلی پاس بکس کی نشاندہی کی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاریہ ماہ 31 اگست سے ریونیو عہدیداروں کے تبادلوں کے عمل کا آغاز ہوگا ۔ مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ آندھرا پردیش کے لیے خصوصی موقف اور رائلسیما کے لیے خصوصی پیاکیج ان کا مطالبہ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی کی تعمیر کے لیے حصول اراضی کے عمل کا محکمہ ریونیو سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے حصول اراضی سے متعلق حکومت کے اقدامات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کے ان اقدامات سے تلگو دیشم پارٹی کی زیر قیادت حکومت پر منفی اثرات ہی مرتب ہوں گے ۔ پون کلیان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پون کلیان نے کسانوں کی موافقت میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT