Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / آنندی بین پٹیل تلنگانہ و آندھرا کی امکانی گورنر

آنندی بین پٹیل تلنگانہ و آندھرا کی امکانی گورنر

بی جے پی اعلی قیادت کی جانب سے تجویز وزیر اعظم کو روانہ کردی گئی ‘ جلد اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 24جولائی ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر گجرات شریمتی آنندی بین پٹیل تلنگانہ و آندھراپردیش کی متوقع گورنر ہونگی ۔ دہلی کے باوثوق ذرائع نے کہا کہ چونکہ موجودہ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی میعاد چند ماہ قبل ختم ہوچکی لیکن ملک کے صدارتی انتخاب کے پیش نظر مرکز نے مسٹر نرسمہن کو تاحکم ثانی گورنر برقرار رہنے کی ہدایت دی تھی ۔ اب صدارتی انتخابی عمل مکمل ہوچکا ہے اور نو منتخب صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند کل 25جولائی کو جائزہ حاصل کرلیں گے ۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے دونوں مشترکہ تلگو ریاستوں کیلئے نئے گورنر کا انتخاب کرنے کے عمل کا آغاز کیا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ مرکزی حکومت شریمتی آنندی بین پٹیل کے نام پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے سینئر بی جے پی قائد و صدرنشین کرناٹک قانون ساز کونسل مسٹر شنکر مورتی کے نام پر بھی غور کیا اور ان سے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ مسٹر شنکر مورتی کے ذرائع نے بتایا کہ قومی بی جے پی قائدین نے کچھ دن قبل دہلی سے ربط پیدا کر کے گورنر عہدہ پر نامزدگی کے مسئلہ پر بات چیت کی تھی ۔ تب مسٹر شنکر مورتی نے اس مسئلہ کو بی جے پی قومی قیادت کی مرضی پر چھوڑ دیا تھا جس کی روشنی میں بی جے پی قیادت نے تلنگانہ و آندھراپردیش گورنر کیلئے شریمتی آنندی بین پٹیل کا نام تجویز کر کے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کو پیش کردی ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ حکومت نے شریمتی آنندی بین پٹیل کو گورنر نامزد کرنے سے اصولی اتفاق کرلیا ہے اور احکامات کی جلد اجرائی متوقع ہے ۔ اسی دوران ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے مشترکہ گورنر عہدہ کیلئے نامزدگی کو قطعیت سے قبل صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی اور صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ تلنگانہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے بھی تبادلہ خیال کرکے نام کو قطعیت دینے ذہن بنالیا ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ وائی ایس آر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر وجئے سائی ریڈی نے جیسا کہ صدارتی انتخاب کیلئے مسٹر رام ناتھ کووند کے نام کا باقاعدہ اعلان سے کئی گھنٹوں قبل پٹنہ پہنچ کر مسٹر رام ناتھ کووند کو قبل از وقت مبارکباد پیش کی تھی ۔ اسی طرح گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ کے عہدہ پر امکانی نامزدگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے گذشتہ ہفتہ گجرات پہنچ کر وجئے سائی ریڈی نے قبل از وقت آنندی بین پٹیل کو مبارکباد پیش کی ۔ اس طرح گورنر تلنگانہ وآندھراپردیش کی حیثیت سے آنندی بین پٹیل کا تقرر یقینی دکھائی دیتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT