Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آنگن واڑی اساتذہ کئی ماہ کی تنخواہ سے محروم

آنگن واڑی اساتذہ کئی ماہ کی تنخواہ سے محروم

احتجاج بھی بے سود ثابت ، مقدس پیشہ کے ساتھ حکومت کی عدم توجہ
حیدرآباد۔13مئی(سیاست نیوز) ریاست میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے میں معاون کردار ادا کرنے والے آنگن واڑی اساتذہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں لیکن ان کی سنوائی کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ آنگن واڑی اساتذہ جو اپنی خدمات کا معاوضہ حاصل کرنے کیلئے احتجاج بھی کرچکے ہیں لیکن ان کا یہ احتجاج بھی بے فیض ثابت ہوا اور اب تک بھی آنگن واڑی اساتذہ تنخواہوں کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکے۔ شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں موجود اسکولوں میں آنگن واڑی ٹیچرس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والوں کو گزشتہ 7ماہ سے تنخواہوں کی عدم اجرائی مقدس پیشہ کی تو ہین کے مترادف ہے اس کے باجود کوئی سیاسی جماعت یا قائد اس مسئلہ پر حکومت کو متوجہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو پارہے ہیں۔ آنگن واڑی اساتذہ کی تنخواہیں معمولی ہونے کے بعد بھی انہیں تنخواہیں جاری نہ کئے جانے کے سبب ان اساتذہ کے خاندان مفلوک الحالی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ہوئے احتجاج پر محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے تیقن دیا تھا کہ اندرون دو ہفتہ تنخواہوں کی اجرائی یقینی بنایا جائے گا لیکن ایسا ممکن نہیں ہو پایا بلکہ اس تیقن پر احتجاج ختم کرنے والے اساتذہ کو اب تک بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان اساتذہ کے احتجاج کو ختم کروانے کے لئے محکمہ کے بڑے بڑے عہدیداروں نے مداخلت کی تھی لیکن اب ان اساتذہ کو محکمہ کے منڈل سطح کے عہدیدار بھی تنخواہیں طلب کرنے پر انتباہ دے رہے ہیں۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ یہ کہہ رہے ہیں کہ منڈل سطح کے عہدیدار واضح طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل وہ تنخواہیں جاری کرنے کے موقف میں نہیں ہیں ۔ عہدیداروں کے اس رویہ سے حکومت کی نیک نامی متاثر ہو رہی ہے لیکن شائد حکومت کو اس کی پرواہ نہیں رہی ہے کہ اساتذہ کن مسائل کا شکار ہیں اور انہیں عہدیداروں کے رویہ سے کتنی تکلیف ہو رہی ہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کو بھی ان اساتذہ کے مسائل سے دلچسپی نہیں ہے چونکہ ان اساتذہ کی تعداد کم ہونے کے سبب ان کے مسئلہ پر کوئی آواز نہیں اٹھا رہا ہے۔ حکومت اگر ان اساتذہ کی اہمیت کو گھٹانے کی مرتکب ہوتی ہے تو اس کے منفی اثرات برآمد ہوں گے اسی لئے حکومت کو چاہئے کہ فوری طور پر ان آنگن واڑی اساتذہ کی تنخواہیں جاری کرے تاکہ ان اساتذہ کے وقار کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT