Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / آنگن واڑی سنٹرس میں بے قاعدگیاں ، خاطی ملازمین کو برطرفی کی ہدایت

آنگن واڑی سنٹرس میں بے قاعدگیاں ، خاطی ملازمین کو برطرفی کی ہدایت

مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی منظوری ، ٹی ناگیشور راؤ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر خواتین و اطفال بہبود تلنگانہ ٹی ناگیشور راؤ نے انگن واڑی سنٹرس کے بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے والوں کو فوری ملازمت سے برطرف کردینے کے احکامات جاری کئے ۔ ٹی ناگیشور راؤ محکمہ ہذا کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ میں بالخصوص آنگن واڑی سنٹرس میں بے قاعدگیوں کی انہیں اطلاع ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پر فوری توجہ دیں اور قصور وار پائے جانے والے ملازمین کو فوری اثر کے ساتھ ملازمت سے برطرف کردیں ۔ سنٹرس میں سربراہ ہونے والی اشیاء ضروریہ پر خصوصی نظر رکھنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ آنگن واڑی سنٹرس کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے جو جائیدادیں مخلوعہ ہیں ان پر فوری تقررات کرنے کی بھی منظوری دی ۔ چھوٹے بچوں کو گود لینے کے مسئلہ پر عنقریب 6 رکنی اسٹیٹ اڈپشن ریسورس ایجنسی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔ یکم اکٹوبر کو منظم کیے جانے والے ’ یوم معمرین ‘ ملتوی ہوجانے پر دوبارہ اس کے انعقاد معمرین کی ضروریات اور سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے 10 اکٹوبر کو اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ۔ اس اجلاس میں سینئیر سٹیزن اسٹیٹ لیول کمیٹی کے ارکان کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ مخنث ( ٹزانس جینڈر ) کی ترقی و بہبود کا جائزہ لینے اور مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دینے سے اتفاق کیا ۔ اس اجلاس میں سکریٹری محکمہ خواتین و اطفال جگدیشور ڈائرکٹر وجیندرا بوئی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT