Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / آنگن واڑی و آشا ورکرس کو ای ایس آئی سہولت

آنگن واڑی و آشا ورکرس کو ای ایس آئی سہولت

پراویڈنٹ فنڈ سہولت کی بھی جلد فراہمی ‘ بنڈارو دتاتریہ
حیدرآباد 7 مارچ ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت بہت جلد ای ایس آئی اور پراویڈنٹ فنڈ کی سہولیات آنگن واڑی ‘ آشا اور مڈ ڈے میل اسکیم کے ورکرس کو بھی فراہم کرے گی ۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اہم خواتین کے ساتھ منعقدہ گول میز کانفرنس سے اختتامی خطاب میں کہا کہ ہم آنگن واڑی ورکرس ‘ آشا ورکرس اور مڈ ڈے میل اسکیم کے ورکرس کو بھی ای ایس آئی اور پراویڈنٹ فنڈ کی سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ کئی برسوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہیں کوئی سماجی سکیوریٹی فراہم نہیں ہے ۔ یہ لوگ حکومت کی ملازمت کر رہے ہیں خانگی اداروں کی نہیں۔ انہوں نے وزارت بہبودی خواتین اطفال ‘ وزارت صحت ‘ وزارت فروغ انسانی وسائل اور وزارت لیبر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انہیں یہ کہتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ وزیر فینانس نے بھی اس تجویز سے اتفاق کرلیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ این ڈی اے حکومت نے ملک میں خاتون ملازمین کی بہتری اور فلاح کیلئے کئی اہم اور بڑے اقدام کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو قانون ساز اداروں میں 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ وہ اس سلسلہ میں دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریگی ۔ دتاتریہ نے کہا کہ حکومت نے کئی انتخابی اورمعاشی شعبہ کی اصلاحات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیںکہ 33 فیصد تحفظات کی فراہمی بھی ایک اہم مسئلہ ہے ۔ پولیس کانسٹیبلس کی بھرتیوں میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے احکام جاری کئے جاچکے ہیں۔ سات ریاستوں میں اس پرعمل ہور ہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT