Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آٹو رکشا اسکیم کی درخواستوں کی اجرائی کا آج آغاز

آٹو رکشا اسکیم کی درخواستوں کی اجرائی کا آج آغاز

عمارات حج ہاوز میں تقریب مقرر ، محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کی شرکت
حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل 2اکٹوبر کو 11بجے دن حج ہاوز نامپلی میں غریب اقلیتی افراد کیلئے 1000 آٹو رکشا کی فراہمی سے متعلق اسکیم کی درخواستوں کی اجرائی کا آغاز کریں گے۔ ’’ اپنے آٹو کے مالک بنیئے ‘‘ اسکیم کے تحت آن لائن درخواستوں کے ادخال کی ویب سائٹ کا ڈپٹی چیف منسٹر افتتاح انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ ’ شادی مبارک ‘ اسکیم پر ایک سال میں کامیاب عمل آوری اور نشانہ کی تکمیل کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں ایک ہزار مستحق اقلیتی افراد میں آٹو رکشا تقسیم کرنے کیلئے اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ معاشی پسماندگی کو دور کیا جاسکے۔ اسکیم کے تحت کارپوریشن 50فیصد سبسیڈی فراہم کرے گا۔ تقریب میں 3 آٹو تیاری کمپنیوں کے آٹوز مشاہدہ کیلئے رکھے جائیں گے جن میں سے امیدوار اپنی پسند کے آٹو کا انتخاب کرپائے گا۔ بینک کی جانب سے 40فیصد قرض فراہم کیا جائے گا جبکہ 10فیصد رقم امیدوار کو ادا کرنی ہوگی۔ 22اکٹوبر تک ویب سائٹ tsobmms.cgg.gov.in پر آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں اور درخواست گذاروں کو اسنادات کی کاپی ایکزیکیٹو ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفتر میں داخل کرنی ہوگی۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارودتاتریہ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر ’شادی مبارک ‘ اسکیم کے تحت 20ہزار سے زائد غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے  جاری کی گئی امداد کی تفصیلات جاری کریں گے۔ ہر شادی کیلئے 51ہزار روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت نے اگرچہ 100کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا تھا لیکن محکمہ اقلیتی بہبود نے 105کروڑ روپئے جاری کئے۔ اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کی مسرت میں یہ تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر اور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار موجود رہیں گے۔ آٹو رکشا اسکیم سے استفادہ کے خواہشمند افراد سے تقریب میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت برسراقتدار آنے کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے خصوصی دلچسپی کے ذریعہ اس اسکیم کو تیار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT