Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / آٹو رکشا فراہمی اسکیم پر عمل آوری کی ہدایت

آٹو رکشا فراہمی اسکیم پر عمل آوری کی ہدایت

حکومت تلنگانہ کا اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو حکم
حیدرآباد ۔  14 ستمبر  (سیاست  نیوز) حکومت نے تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ حیدرآباد و رنگا ریڈی میں 1000 غریب اقلیتوں کو آٹو رکشا فراہم کرنے کی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کرے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مذکورہ اسکیم کیلئے رہنمایانہ خطوط مدون کرنے اور مکمل شفافیت کے ساتھ عمل آوری کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی مساعی پر یہ اسکیم تیار کی گئی تھی جسے محکمہ ٹرانسپورٹ نے منظوری دیدی۔ اس اسکیم کے تحت غریب اقلیتی خاندانوں کے ایک ہزار افراد کو حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں آٹو رکشا فراہم کئے جائیں گے ۔ اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن مکمل امداد فراہم کرتے ہوئے آٹو کی خریدی کا اہتمام کرے یا پھر بینک سے قرض مربوط کرتے ہوئے 50 فیصد سبسیڈی کارپوریشن فراہم کرے گا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے پاس موجود بجٹ کے اعتبار سے اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ درخواستوں کی وصولی اور مستحق افراد کے انتخاب میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے نگرانکار کمیٹی کی تشکیل پر غور کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے 4 ستمبر کو جی او ایم ایس 36 جاری کرتے ہوئے اس اسکیم کو منظوری دی تھی تاکہ غریب اقلیتی افراد کو خود مکتفی بنایا جاسکے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سے ایک ہزار آٹو رکشا کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں منظوری حاصل کی گئی تھی اور ٹرانسپورٹ کمیشن کمشنر نے حال ہی میں اس کی منظوری دی ہے۔ جلال الدین اکبر نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے یہ اسکیم تیار کی گئی ہے تاکہ شہر اور رنگا ریڈی میں غریب خاندانوں کو سطح غربت سے اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکیمات میں شفافیت کی برقراری کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بھی اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جاریہ سال اس اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT