Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ائمہ اور موذنین کو اعزازیہ کی 25 اپریل کو تقریب

ائمہ اور موذنین کو اعزازیہ کی 25 اپریل کو تقریب

روزنامہ سیاست کی رپورٹ کا حکومت پر مثبت اثر
حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ائمہ اور مؤذنین کیلئے خوشخبری ہے۔ وقف بورڈ نے آخر کار ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں 25اپریل کو تقریب منعقد کی جائے گی۔ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی جلد اجرائی کے سلسلہ میں روز نامہ ’سیاست‘ کی مساعی کامیاب ہوئی ہے۔ ’سیاست‘ نے درخواستوں کی یکسوئی میں تاخیر اور ائمہ و مؤذنین میں پھیلی بے چینی کے بارے میں رپورٹ شائع کی تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں وقف بورڈ کے عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے 25اپریل کو تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ہاتھوں ائمہ اور مؤذنین میں چیک تقسیم کئے جائیں گے۔ اس اسکیم کیلئے ریاست بھر سے 8934 درخواستیں داخل کی گئیں اور حیدرآباد سے 1498 درخواستیں داخل ہوئی تھیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ کے مطابق 751 درخواستوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے اور ان کو فی کس 9000 روپئے کا چیک ڈپٹی چیف منسٹر کے ہاتھوں حوالے کیا جائے گا۔ حکومت نے جولائی 2015میں اسکیم کا اعلان کیا تھا اور 12کروڑ روپئے وقف بورڈ کے حوالے کئے گئے۔ 5000 ائمہ اور 5000 مؤذنین کو ماہانہ 1000 روپئے اعزازیہ کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درخواستوں کی جانچ میں تاخیر کے سبب حکومت نے بقایا جات کے ساتھ اعزازیہ جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اس طرح منتخب کئے گئے امام اور مؤذن کو فی کس 9000 روپئے کا چیک حوالے کیا جائے گا۔ اگرچہ آن لائن سسٹم سے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کا فیصلہ تھا تاہم پہلے مرحلہ میں چیک حوالے کئے جائیں گے تاکہ باقاعدہ تقریب میں اسکیم کا آغاز ہوسکے۔ مزید منظورہ درخواستوں کے ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کی رقم راست طور پر بینک میں جمع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT