Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ائمہ اور موذنین کیلئے اعزازیہ کیلئے تاریخ میں توسیع

ائمہ اور موذنین کیلئے اعزازیہ کیلئے تاریخ میں توسیع

اب تک 8000 درخواستیں وصول ، 31 جنوری آخری تاریخ
حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ سے متعلق اسکیم کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 31جنوری تک توسیع کردی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز پہنچ کر چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ سے اس سلسلہ میں بات چیت کی اور درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اب تک موصولہ درخواستوں کی جانچ کا کام جلد از جلد مکمل کرنے اور اعزازیہ کی رقم جاری کرنے کی ہدایت دی۔ سید عمر جلیل نے کہا کہ بعض مساجد کی جانب سے ائمہ کو مسجد میں خدمت سے متعلق صداقتنامہ جاری کرنے سے انکار کی شکایات ملی ہیں لہذا وہ اس شرط سے استثنیٰ کے حق میں ہیں۔ انہوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے کہا کہ وہ درخواستوں کی جانچ کے موقع پر مسجد کے صداقتنامہ کو ضروری نہ سمجھیں اور زیادہ سے زیادہ ائمہ و مؤذنین کیلئے اعزازیہ کو یقینی بنائیں۔ اس اسکیم کے تحت ابھی تک 8000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور وقف بورڈ و حج کمیٹی کے ملازمین کے ذریعہ درخواستوں کی جانچ کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ کیلئے متعین ملازمین کو سفر خرچ کے طور پر مناسب رقم منظور کی جائے گی۔ سید عمر جلیل کے مطابق حکومت نے 12کروڑ روپئے اس اسکیم کیلئے جاری کئے ہیں جو وقف بورڈ کے پاس محفوظ ہیں۔ انہوں نے ائمہ و مؤذنین سے زیادہ سے زیادہ اسکیم سے استفادہ کی خواہش کی اور کہا کہ حکومت معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ مناسب اسٹاف کو درخواستوں کی جانچ کیلئے الاٹ کریں۔ ائمہ اور مؤذنین کی درخواستوں کو علحدہ کرنے کیلئے ویب سائٹ انچارج کو ہدایت دی گئی ہے۔ ائمہ اور مؤذنین اپنی درخواستیں آن لائن داخل کرتے ہوئے اس کی ہارڈ کاپی متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں جمع کریں۔ انہوں نے مساجد کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی خواہش کی کہ وہ صداقتنامہ کی اجرائی میں تاخیر نہ کریں۔ یہ اعزازیہ مساجد کے انتظامیہ سے ملنے والے مشاہیرہ کے علاوہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT