Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ائمہ و موذنین کو اعزازیہ ، 9 ہزار درخواستیں داخل

ائمہ و موذنین کو اعزازیہ ، 9 ہزار درخواستیں داخل

حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور موذنین کو ماہانہ اعزازیہ سے متعلق اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے۔ تاحال 9000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں اور 31جنوری تک درخواستیں آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ 5000 مساجد کے ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ 1000 روپئے ادا کئے جائیں گے اور حکومت نے 12کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ ائمہ و مؤذنین کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کیلئے شرائط میں نرمی پیدا کی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی ہدایت کے مطابق درخواست گذاروں کو شناختی کارڈ کے طور پر آدھار یا ووٹر آئی ڈی کارڈ پیش کرنا ہوگا۔ مساجد کمیٹیوں کی جانب سے صداقت نامہ کے لزوم کو ختم کردیا گیا ہے اور اب اس کے بغیر بھی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ بعض ائمہ و مؤذنین نے عذر پیش کیا تھا کہ متعلقہ مساجد کمیٹیاں مکتوب حوالے کرنے سے احتراز کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے وقت صرف شناختی کارڈ کی اسکیاننگ کافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر زیادہ سے زیادہ درخواستیں وصول ہوئیں تو اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ تمام اہل ائمہ و مؤذنین کو اعزازیہ منظور کیا جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ شہر اور اضلاع میں کم آمدنی والی مساجد کے ائمہ و مؤذنین کو ترجیح دیں اور یہ اعزازیہ مساجد کمیٹیوں کی مقررہ تنخواہ کے علاوہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT