Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ائمہ و مؤذنین کو حکومت آندھراپردیش سے اعزازیہ تاریخ ساز اقدام

ائمہ و مؤذنین کو حکومت آندھراپردیش سے اعزازیہ تاریخ ساز اقدام

اقلیتی کمیشن کی نمائندگی پر چندرابابو کے مثبت اقدام کا ادعا  : جناب عابد رسول خان
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن آندھراپردیش و تلنگانہ کی جانب سے صدرنشین جناب عابد رسول خان نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے ائمہ و موذنین کو تنخواہوں کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کمیشن کی جانب سے 16 جون 2014 ء کو حکومت آندھراپردیش کو ایک رپورٹ روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ ائمہ اور مؤذنین کو سرکاری طور پر اعزازیہ ادا کیا جائے۔ جناب عابد رسول خان نے حکومت آندھراپردیش کے اس فیصلہ کو ایک تاریخ ساز اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ائمہ کرام کے لئے 5 ہزار اور مؤذنین کے لئے 3 ہزار روپئے اعزازیہ کی اجرائی کا اعلان کرتے ہوئے اقلیتوں میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ائمہ اور موذنین کے سروے کے بعد متحدہ آندھراپردیش میں 7,500 درخواستوں کے ادخال کو کمیشن کی جانب سے یقینی بنایا گیا تھا۔ جناب عابد رسول خان نے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی جانب سے کئے گئے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ تاریخ ساز فیصلہ مسلمانوں کے لئے سماجی و معاشی مسائل کے لئے مؤثر ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی سماجی و معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کو مختلف تجاویز روانہ کی گئی ہیں اور حکومت آندھراپردیش کی جانب سے ائمہ کرام و مؤذنین کو اعزازیہ کی اجرائی کے فیصلہ کے بعد اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ حکومت دیگر تجاویز پر بھی مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کارروائی کرے گی۔ جناب عابد رسول خاں نے ریاستی اقلیتی کمیشن کی جانب سے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو، وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش کے علاوہ اسپیشل سکریٹری کو مبارکباد پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT