Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / ابراہیم علی نے شیر کو ہلاک کیا

ابراہیم علی نے شیر کو ہلاک کیا

گوہاٹی۔/25نومبر ، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی آسام میں ایک شخص نے جمعرات کو رائل بنگال ٹائیگر کو ہلاک کردیا لیکن وہ جنگلی جانور کے حملہ میں شدید زخمی ہوگئے۔ اس خونخوار جانورنے موضع بنگھرا میں خوف و دہشت پھیلادی تھی جس کے بعد مقامی لوگ، گھروں میں بند ہو جانے پر مجبور ہوگئے ۔ بعد ازاں یہ شیر قریبی کھیتوں میں جاکر غائب ہوگیا تھا۔ جب اس شیر کو پکڑنے کیلئے ماہر نشانہ باز ابراہیم علی کو طلب کیا گیا تو تلاش کے دوران شیر نے ان پر حملہ کردیا۔ شدید زخمی حالت میں انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور جھپٹ کر شیر پر بندوق سے گولیاں چلادیں جس کے بعد شیر جائے وقوع پر ڈھیر ہوگیا۔ تاہم ابراہیم علی شدید زخموں سے کراہ رہے تھے کہ مقامی عوام بھی وہاں پہنچ گئے اور شیر پر لاٹھیوں اور سلاخوں سے حملہ کردیا جبکہ ابراہیم علی کو نازک حالت میں ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے ۔ مقامی لوگ مردہ شیر کی دُم، پاؤں اور ناخن لیکر فرار ہوگئے۔ اگرچیکہ شیر پر حملہ کے وقت محکمہ جنگلات کے عہدیدار موجود تھے لیکن وہ بے حس نظر آرہے تھے۔ سرکاری عہدیداروں کو شبہ ہے کہ یہ شیرکازی رنگا نیشنل پارک سے باہر نکل آیا ہوگا اور دریائے برہمپترا کے کناروںسے چل کر مذکورہ گاؤں پہنچا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT