Friday , March 31 2017
Home / Top Stories / ’’اب روڈ شو کرتے کرتے کہیں اور نکل جائیں ‘‘

’’اب روڈ شو کرتے کرتے کہیں اور نکل جائیں ‘‘

مودی کے روڈ شوز پر اکھلیش کا طنز ، تمام شوز کی ناکامی کا دعویٰ
سونبھدرا ۔ /5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے وزیراعظم نریندر مودی کے روڈ شوز کا بھرپور مذاق اڑاتے ہوئے آج کہا کہ ان (مودی) کے تمام روڈ شوز پہلے کی طرح بالکلیہ طور پر ناکام ہوگئے ہیں اور یہ روڈ شوز انہیں (وزیراعظم کو) بھٹکاکر کہیں اور پہونچا دیں گے ۔ اکھلیش نے یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک روڈ شو کیا ، وہ فیل ہوگیا ۔ ایک اور کرنے جارہے ہیں ، وہ بھی فیل ہوگا ۔ پھر ایک اور کریں گے … اب روڈ شو کرتے کرتے کہیں اور نکل جائیں گے ‘‘ ۔ اکھلیش دراصل وارانا میں گزشتہ روز مودی کے روڈ شوز کا حوالہ دیتے ہوئے آج کے روڈ شو کا بھی تذکرہ کررہے تھے ۔ تاہم بی جے پی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز روڈ شو نہیں کیا گیا بلکہ وزیراعظم کاشی وشواناتھ اور دیگر مندروں کے ’درشن‘ کے لئے گئے تھے ۔ اکھلیش نے بی جے پی پر سخت تنقیدی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے یہ کھلا چیلنج کیا تھا کہ وہ اپنے تین سالہ اقتدار کے دوران یو پی کے لئے کئے گئے کاموں کی فہرست بیان کریں ۔ اس کے باوجود انہوں (مودی) نے کوئی فہرست بیان نہیں کی ۔ اکھلیش نے کہا کہ اس ریاست کے عوام نے بی جے پی کو بھاری تعداد میں ارکان پارلیمنٹ دیئے ہے لیکن بی جے پی نے یو پی کے عوام کے لئے کونسا بڑا کام کیا ہے ۔ انہوں ( بی جے پی) نے محض عوام کو خواب دکھاتے ہوئے اپنی حکومت اور اپنا وزیراعظم بنالیا ۔ لیکن اس کے بدلے عوام کو کچھ نہیں دیا گیا ۔ نوٹ بندی پر تنقید کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ اس اقدام نے سارے ملک کو تباہ کردیا اور عوام کو طویل قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور کردیا ۔ اکھلیش نے کہا کہ مودی ریڈیو اور ٹی وی پر امن کی بات تو کیا کرتے ہیں لیکن پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ کام کی بات کب کریں گے ۔ مودی نے ساری دنیا کا سفر کیا لیکن ملک کے عوام کے لئے وہ کیا لاتے ہیں ۔ اکھلیش نے مایاوتی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ (مایاوتی) میری پھوپی ہیں لیکن بی جے پی کے لوگوں سے راکھی بندھوا رہی ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ ان (مایاوتی) کی پارٹی سے چوکس رہیں ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT