Thursday , August 17 2017
Home / عرب دنیا / اتحادیوں کے ممکنہ حملے میں 26 شہری ہلاک

اتحادیوں کے ممکنہ حملے میں 26 شہری ہلاک

دمشق ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی حصے میں ممکنہ طور پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے میں بچوں سمیت 26 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ سیرین اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ صوبہ الحسکہ میں الہاؤل کے قریب موضع الخان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عراق میں امریکی ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ ان اطلاعات کا جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل شام کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اتحادی افواج نے صوبہ دیر الزور میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے اور اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’کھلی جارحیت‘ قرار دیا تھا۔ خیال رہے کہ اس صوبے کا اکثریتی علاقہ دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے زیر قبضہ ہے۔ تاہم امریکی فوج نے اصرار کیا کہ کیمپ کے قریبی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ صوبہ الحسکہ میں ہونے والے فضائی حملے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان الزامات کا ’سنجیدگی‘ سے لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے اگر یہ اطلاع ’قابل بھروسہ‘ ہوئی تو اس کی تحقیقات کی جائیں گی اور اس کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ اور اتحادی افواج کے فضائی حملوں کے مدد یافتہ کرد اور عرب گروہوں کے درمیان جنگ کا مرکز رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT