Monday , May 1 2017
Home / سیاسیات / اتراکھنڈ میں انتخابی میدان میں 62 خواتین امیدوار

اتراکھنڈ میں انتخابی میدان میں 62 خواتین امیدوار

نئی دہلی، 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام)) اتراکھنڈ کے 70 رکنی اسمبلی کے لئے 15 فروری کو ہونے والے انتخابات میں 62 خواتین امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔خواتین امیدواروں کی تعداد اگرچہ پچھلی بار کے مقابلے میں ایک کم ہے لیکن اس بار 15 اسمبلی سیٹیں ایسی ہیں جہاں ایک سے زیادہ خواتین انتخابی میدان میں ہیں۔سال 2012 میں ہوئے انتخابات میں 63 خواتین امیدوار ریاست اسمبلی کے لئے انتخابات میں اتری تھیں جن میں محض پانچ ہی اسمبلی تک پہنچی۔ان میں سے دو خواتین بعد میں کابینہ وزیر بنیں۔ انتخابات میں 63 خواتین میں سے 47 کی ضمانت ضبط ہوئی جن میں عام طبقے کی 34، درج فہرست ذات کی 10 اور درج فہرست ذات و قبائل کی تین امیدوار تھیں۔ عام طبقے کی 45، درج فہرست کی 15 اور قبائل کی تین خواتین انتخابی میدان میں اتری تھیں۔ریاستی اسمبلی کے لئے اس بار کل 637 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ کانگریس اور بی جے پی نے تمام 70 سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں جبکہ بی ایس پی 69 سیٹوں پر لڑ رہی ہے ۔ اس میں سی پی ایم اور سی پی آئی پانچ اور سماج وادی پارٹی 21، شیو سینا سات اور قومی لوک دل نے تین سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ انتخابات میں اتری رجسٹرڈ پارٹیوں کی تعداد 123 ہے جبکہ 262 آزاد امیدوار بھی قسمت آزما رہے ہیں۔گزشتہ انتخابات میں کل 901 امیدوار انتخابی میدان میں تھے جن میں قومی، ریاستی اور رجسٹرڈ پارٹیوں کی تعداد 43 تھی۔ ان میں چھ قومی پارٹیاں ، ایک ریاستی سطح پر اتراکھنڈ کرانتی دل کے علاوہ ترنمول کانگریس، شیو سینا، جنتا دل یو سمیت نو ایسی سیاسی پارٹیوں نے الیکشن لڑا تھا جو دیگر ریاستوں میں اقتدار میں تھے یا سرگرم سیاست کر رہے تھے ۔ اس وقت کل 44 آزاد امیدوار انتخابی میدان میں تھے ۔ اسمبلی میں کل 10 ہزار 854 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں ہریدوار، کوٹدوار، لوھاگھاٹ، چمپاوت اور ردرپور میں براہ راست مقابلہ ہے ۔ ریاست میں کل 75 لاکھ 12 ہزار 559 ووٹر ہیں جن میں 35 لاکھ 78 ہزار 995 خواتین ہیں۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں سب سے زیادہ 19-19 امیدوار دہرادون کی دھرم پورا اور رائے پور سیٹ سے میدان میں ہیں جبکہ سب سے کم چار امیدوار پرولا سیٹ سے لڑ رہے ہیں۔ رقبہ کے حساب سے دھاچولا سب سے بڑا اسمبلی حلقہ ہے جبکہ ووٹروں کی تعداد کے حساب سے دھرم پورا سب سے بڑا ہے ۔ ووٹروں کی تعداد کے حساب سے پرولا سب سے چھوٹا اسمبلی علاقہ ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT