Tuesday , October 17 2017
Home / سیاسیات / اترا کھنڈ کے سیاسی بحران میں رام دیو کا سازشی کردار

اترا کھنڈ کے سیاسی بحران میں رام دیو کا سازشی کردار

کانگریس حکومت کے خلاف باغیوں کو اُکسانے کا الزام
دہرادون۔/24مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) اترا کھنڈ میں جاریہ سیاسی بحران آج ایک نیا رُخ اختیار کرگیا جبکہ کانگریس نے اس تنازعہ میں رام دیو کو گھسیٹ لیا اور ان پر یہ الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کو بیدخل کرتے ہوئے بی جے پی قیادت کے ساتھ گہری سازش تیار کی ہے۔ تاہم یوگا گرو نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ اترا کھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کشور اپادھیائے نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی کہ یوگا گرو اور بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے ریاستی حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے مشترکہ سازش تیار کی ہے اور چیف منسٹر ہریش راوت کے خلاف پارٹی ارکان اسمبلی کو بغاوت کیلئے اُکسانے کے نتیجہ میں سیاسی بحران پیدا ہوگیا ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وقت آنے پر اپنے الزامات کو ثابت کرسکتا ہوں مسٹر اپادھیائے نے کہا کہ کانگریس کے باغیوںکے ساتھ رام دیو مسلسل رابطہ میں ہیں اور حکمراں جماعت کے خلاف صدر بی جے پی کی سازش کو روبہ عمل لانے میں وہ کلیدی رول ادا کررہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ بابا رام دیو، بی جے پی ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں تاکہ ریاستی حکومت کے خلاف بغاوت کواُکسایا جائے۔ تاہم یوگا گرو نے کانگریس کے الزامات کی پرزور تردید کی ہے اور بتایا کہ وہ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے ہیں کہ وہ کانگریس ارکان سے بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں یوگا گرو کا 2000کروڑ کا کاروبار ہے اور ان کے ٹرسٹ کے خلاف متعدد کیسس زیر تحقیقات ہیں۔

اترا کھنڈ کے بی جے پی ارکان اسمبلی
کی جئے پور میں آمد
جئے پور ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اتراکھنڈ میں شدید سیاسی بحران کے پیش نظر ریاست کے 27 بی جے پی ارکان اسمبلی کل شام ہولی تہوار منانے کے لیے یہاں پہنچے ۔ بی ایچ ای ایل رانی پور کے رکن اسمبلی اجئے چوہان نے بتایا کہ تمام ارکان اسمبلی جئے پور میں ہولی منائیں گے اور تاریخی سیر و تفریح بھی کریں گے ۔ اجمیر میں کل پشکر میں شریک ہوں گے ۔ چوہان نے یہ توقع ظاہر کی کہ بہت جلد نئی حکومت تشکیل دیتے ہوئے اتراکھنڈ میں سیاسی بحران پر قابو پالیا جائے گا،اس خصوص میں پارٹی قیادت حکمت عملی طئے کریگی مذکورہ ارکان اسمبلی اجمیر کی ہوٹلوں میں قیام پذیر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT