Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / اترپردیش اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آوٹ متعدی امراض کی روک تھام میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج

اترپردیش اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آوٹ متعدی امراض کی روک تھام میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج

لکھنو ۔ 26 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش اسمبلی میں آج اپوزیشن بی ایس پی اور بی جے پی نے ریاست میں ڈینگو اور دیگر متعدی امراض کی روک تھام میں حکومت کی ناکامی کے خلاف بطور احتجاج واک آوٹ کردیا ۔ بی ایس پی رکن دھرمپال سنگھ نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے جواب طلب کیا کہ ڈینگو اور دیگر امراض کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ۔ وزیر صحت احمد حسن نے اپنے جواب میں بتایا کہ شہروں اور دیہاتوں میں مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لیے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ اور کیمیائی دھواں ( فوگنگ ) چھوڑا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانپور میں ڈینگو سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جب کہ 72 افراد ڈینگو سے متاثر پائے گئے ۔ ریاست بھر میں ملیریا سے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم وزیر صحت کے جواب سے غیر مطمئن اپوزیشن لیڈر سوامی پرساد موریہ اور دیگر بی ایس پی ارکان نے ایوان سے واک آوٹ کردیا اور یہ ادعا کیا کہ مشرقی اترپردیش میں مچھر کش دھواں ( فوگنگ ) نہیں چھوڑا گیا اورالزام عائد کیا کہ حکومت اس حساس مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے ۔ بعد ازاں بی جے پی ارکان نے بھی احتجاج میں شامل ہو کر واٹ آوٹ کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT