Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / اترپردیش میں ’اندھا بھی اپنوں کو گڑ بانٹتا ہے ‘ کا عملی مظاہرہ

اترپردیش میں ’اندھا بھی اپنوں کو گڑ بانٹتا ہے ‘ کا عملی مظاہرہ

ملائم سنگھ یادو کے قول اور فعل میں تضاد ۔ سماج وادی پارٹی پر اقرباء پروری کا غلبہ

لکھنو ۔ 13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملائم سنگھ یادو کی زیرقیادت سماج وادی پارٹی شمالی ہند کی ریاست اُترپردیش میں ایک بڑی خاندانی جماعت بن گئی ہے جبکہ خاندان کے مزید 3ارکان سیاسی میدان میں داخل ہوگئے ہیں جن میں ملائم سنگھ کے بھتیجہ ابھیشیک یادو عرف انشول ، بھتیجی سندھیا یادو اور ایک اور رشتہ دار وندنا یادو شامل ہیں جو کہ حالیہ پنچایت انتخابات میں منتخب ہوئے ہیں۔ ابھیشیک نے بحیثیت صدرنشین ایٹاوہ ضلع پنچایت ، سندھیا یادو صدرنشین مین پور ضلع پنچایت اور وندنا یادو بحیثیت حمیرپور ضلع پنچایت انتخاب عمل میں آیا ہے اس طرح ملائم سنگھ یادو کے خاندان نے جملہ 11 افراد نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ابھیشیک ، ملائم سنگھ کے بھائی ابھئے رام یادو کے فرزند ہیں جبکہ سندھیا سماج وادی پارٹی سربراہ کی بھتیجی اور بدایوں کے ایم پی دھرمیندر یادو کی بہن ہیں ۔

دونوں بھی بلامقابلہ منتخب قرار دیئے گئے ہیں۔ سیاسی میدان میں داخل تیسری رکن وندنا یادو ہیں جوکہ بدایوں ایم پی دھرمیندر یادو کی نسبتی ہمشیرہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ ملائم سنگھ یادو نے ہمیشہ سیاست میں اقربا پروری اور جاگیرداریت کی مخالفت کی ہے لیکن اب پارٹی پر یادو خاندان کا غلبہ بڑھتے جارہا ہے ۔ قبل ازیں ملائم سنگھ یادو کی بھاوج مریدولا یادو ( ایم پی تیج پرتاب یادو کی والدہ ) اور اجنت سنگھ یادو ( ملائم کے بہنوئی) بالترتیب سیفائی اور چوبھیا سے بحیثیت رکن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ ملائم سنگھ یادو خود اعظم گڑھ سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور اُن کے فرزند اکھلیش یادو ایم ایل سی اور ریاست کے چیف منسٹر ہیں۔ اکھلیش کی اہلیہ ڈمپل بھی پارلیمانی حلقہ قنوج سے دوسری مرتبہ منتخب ہوئی ہیں اور ملائم کے بھتیجہ دھرمیندر یادو بدایوں کے ایم پی اور ان کے کزن رام گوپال یادو راجیہ سبھا ایم پی رام گوپال یادو کے فرزند اکشے پرتاب پارلیمانی حلقہ فیروزاباد سے منتخب ہوئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ کے چھوٹے بھائی شیوپال یادو نہ صرف رکن اسمبلی ہیں بلکہ اُترپردیش حکومت میں اہم قلمدانوں تعمیرات عامہ ، آبپاشی اور امداد باہمی کے نگرانکار ہیں ۔ خاندان کے نوعمر رکن تیج پرتاب یادو مین پوری سے ایم پی ہیں جنھوں نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی دختر راجیہ لکشمی سے شادی کی ہے ۔ اگرچیکہ بیشتر سیاسی جماعتوں میں خاندانی سیاست چلائی جارہی ہے لیکن سماج وادی پارٹی میں ایک ہی خاندان اور برادری کے غلبہ سے یہ محاورہ صادق آتا ہے کہ ’’اندھا بھی اپنوں میں گڑ بانٹتا ہے ‘‘۔

TOPPOPULARRECENT