Monday , June 26 2017
Home / Top Stories / اترپردیش میں پہلے مرحلہ میں 64 فیصد رائے دہی

اترپردیش میں پہلے مرحلہ میں 64 فیصد رائے دہی

کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ، 42 الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تبدیلی ، متھرا کے ایک علاقہ میں عوام کا ووٹ دینے سے انکار

نئی دہلی ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش کے 73 اسمبلی حلقوں میں آج پہلے مرحلہ میں 64.22 فیصد رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ الیکشن کمیشن نے 2012 اسمبلی انتخابات میں ان حلقوں میں ہوئی رائے دہی کا فیصد نہیں بتایا لیکن کہا کہ گزشتہ انتخابات میں مجموعی رائے دہی 58.62 فیصد کے مقابلہ اس مرتبہ یہ فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ 2014 لوک سبھا انتخابات میں رائے دہی کا مجموعی فیصد 59.12 رہا ۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر انچارج اترپردیش ، وجئے دیونے رائے دہی کے فیصد کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ اس سے مابقی چھ مراحل کے انتخابات کی راہ کا تعین ہوگا ۔ تشدد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا اگرچہ بعض مقامات پر ہجوم جمع ہوا لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی انتخابی تشدد نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کے دوران 15 اضلاع میں 42 الکٹرانک ووٹنگ مشین اور 52 ووٹر جانچ پیپر آڈٹ مشین تبدیل کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ایجنسیوں نے 9.56 کروڑ روپئے نقد اور 4.44 لاکھ لیٹر شراب ضبط کی ۔ آج سات مقامات پر عوام نے رائے دہی کا بائیکاٹ کیا ۔ جہاں حکام نے مداخلت کرتے ہوئے چھ معاملات کو حل کردیا ۔ یہاں معاوضہ کی ادائیگی اور روڈ کی تعمیر اہم موضؤعات تھے ۔ تاہم متھرا کے بھگت نگریا میں عوام نے ووٹ دینے سے انکار کردیا ۔ میرٹھ میں پولیس نے متنازعہ بی جے پی لیڈر سنگیت سوم کے بھائی گگن سوم کو پولنگ بوتھ کے اندر پستول لے جانے پر گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ وہ 9 بجے صبح سردھنا اسمبلی حلقہ کے ایک بوتھ پہنچے ۔ یہاں متعین سیکوریٹی عملہ ان کی تلاشی لی تو ایک پستول برآمد ہوا چنانچہ انہیں فوری حراست میں لے لیا گیا ۔ سنگیت سوم سردھنا اسمبلی حلقہ کے موجودہ رکن ہیں اور 2013 مظفر نگر فسادات کے بارے میں متنازعہ تقاریر کے ذریعہ وہ منظر عام پر آئے تھے ۔ پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے فرزند پنکج سنگھ اور دیگر امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا ۔سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان ریاست کی سترہویں اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں اتر پردیش کے مغربی علاقوں کے 15 اضلاع کی 73 سیٹوں پر آج صبح سات بجے پولنگ شروع ہو گئی۔ پولنگ شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوئی۔ مظفرنگر، شاملی، میرٹھ، علی گڑھ اور آگرہ کی وجہ سے حساس مانے جانے والے اس مرحلے کے انتخابات کو پرامن طریقے سے مکمل کرنے کے لئے تقریبا ًدو لاکھ سیکورٹی دستے تعینات کئے گئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT