Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / اتر پردیش اسمبلی میں شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے مناظر

اتر پردیش اسمبلی میں شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے مناظر

اپوزیشن کے احتجاج کے جواب میں وزیر اعظم کے خلاف اعظم خاں کا الزام

لکھنؤ۔/9فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے قانون ساز ادارہ میں آج اپوزیشن کے احتجاج سے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو ملتوی کردیا گیا جبکہ ریاست میں امن وقانون کی ابتر صورتحال اور حالیہ پنچایت راج انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف ایوان کے وسط میں پہنچ کر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی اور نعرہ بازی کی۔ ایوان اسمبلی میں شورو غل کے مناظر اسوقت دیکھے گئے جب بی جے پی ارکان اسمبلی نے اسپیکر ماتا پرساد پانڈے کی آمد سے قبل ہی بیانرس اور پوسٹرس کے ساتھ احتجاج شرو ع کردیا۔ بعد ازاں احتجاج میں بی ایس پی اور کانگریس ارکان بھی شامل ہوگئے ۔ اسپیکر نے یہ اصرار کیا ہے کہ کوئی مسئلہ ، وقفہ صفر کے دوران متعلقہ قواعد کے تحت اٹھایا جائے جس پر بہوجن سماج پارٹی نے واک آؤٹ کردیا۔

دریں اثناء وزیر پارلیمانی اُمور مسٹر اعظم خاں بار بار یہ الزام دہراتے رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر ہندوستان کو انتہائی مطلوب سرغنہ داؤد ابراہیم سے خفیہ ملاقات کی جو کہ تمام قوانین اور قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ نواز شریف ۔ نریندر مودی کی ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو فلم منظر عام پر لائی جائیں تاکہ یہ پتہ چلا کہ وہاں کون کون موجود تھے۔ اسپیکر کی ہدایت پر اپوزیشن ارکان نے جب نشستوں پر واپس جانے سے انکارک ردیا تو ایک گھنٹہ کیلئے کارروائی ملتوی کردی گئی۔ ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سریش کھنہ ( بی جے پی ) نے اعظم خاں سے کہا کہ اپنے الزام کو ثابت کریں یا پھر اظہار معذرت کریں۔ بی ایس پی رکن اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر سوامی پرساد موریہ نے اعظم خاں کی جانب سے اپوزیشن کیلئے لفظ ’ فسادی‘ استعمال کرنے پر اعتراض کیا اور یہ ریمارک حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔ قانون ساز کونسل میں بھی اسی طرح کے مناظر دیکھے گئے جہاں پر بی ایس پی، بی جے پی اور کانگریس ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرہ بازی کی جس کے باعث ایوان میں مکمل وقفہ صفر ملتوی کردیا گیا۔ ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی صورتحال قابو میں نہ آنے پر عبوری اسپیکر اوم پرکاش شرما نے ایجنڈہ کی کارروائی جلد از جلد مکمل کرلی اور ایک دن کیلئے کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT