Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / اتفاقی طور پر گولی چلنے سے کانسٹبل فوت

اتفاقی طور پر گولی چلنے سے کانسٹبل فوت

حیدرآباد ۔ /19 جون (سیاست نیوز)  اتفاقی طور پر گولی چلنے کے نتیجہ میں ریاست کے انسداد دہشت گرد اسکواڈ ’’آکٹوپس‘‘ سے وابستہ ایک کانسٹبل کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی ۔ ذرائع کے بموجب 30 سالہ آر شیوکمار چاری جو تلنگانہ اسپیشل پولیس کی 13 ویں بٹالین سے وابستہ تھا چند ماہ قبل آکٹوپس میں ڈپیوٹیشن پر شمولیت اختیار کی  تھی ۔ شیوکمار کا تعلق ضلع عادل آباد کے منچریال سے ہے اور اسے آج شام 4 تا 6 بجے آکٹوپس ہیڈکوارٹرس پر سنتری ڈیوٹی پر  متعین کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ آکٹوپس ہیڈکوارٹر چیف منسٹر تلنگانہ کیمپ آفس سے کچھ  فاصلہ پر موجود ہے ۔ شیوکمار کی فائرنگ میں اچانک موت واقع ہونے پر آکٹوپس ہیڈکوارٹر میں سنسنی پھیل گئی اور اس بات کی اطلاع ملنے پر پنجہ گٹہ پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہونچ کر شیوکمار کو سوماجی گوڑہ یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ آکٹوپس کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر گویند سنگھ نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ۔ پنجہ گٹہ پولیس کے بموجب آکٹوپس عہدیداروں نے ایک تحریری شکایت درج کروائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شیوکمار کی شارٹ گن سے اتفاقی طور پر گولی چلنے سے اس کی موت واقع ہوئی ہے لیکن بعض ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس نے خودکشی کی ہوگی ۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT