Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / اجمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کو شدید دھکہ

اجمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کو شدید دھکہ

لاہور۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کاؤنٹی وورسسٹر شائر نے مایہ ناز پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کو اپنے اسکواڈ سے ڈراپ کر کے ویسٹ انڈین باؤلر شینن گیبریئل کو طلب کرلیا ہے جس سے اجمل کی انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو شدید دھکہ پہنچا ہے۔ آف اسپنر نے آئی سی سی کی جانب سے ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے بعد اپنے ایکشن پر دوبارہ کام کیا جس کے بعد رواں سال کے اوائل میں ان کے ایکشن کو کلیئر کر دیا گیا تاہم نئے ایکشن کے ساتھ وہ اپنی سابقہ افادیت برقرار نہ رکھ سکے۔ پہلے انہیں پاکستانی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا اور اب انہیں انگلش کاؤنٹی نے بھی ڈراپ کر کے ویسٹ انڈین فاسٹ بولر سے معاہدہ کر لیا ہے۔ رواں سیزن میں اجمل وورسسٹر شائر کی جانب سے کوئی خاص متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 48.5 اوورز میں صرف 6 وکٹیں لے سکے جس کی وجہ سے باؤلنگ کا تمام تر بوجھ سیم باؤلرز جیک شانتری، جو لیچ اور چارلی مورس پر پڑ گیا۔ اس وقت انگلش کاؤنٹی ٹیم کو اپنا فرسٹ ڈیویژن کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اجمل کو ڈراپ کر دیا ہے تاکہ اگلے میچوں میں بہتر کارکردگی دکھا کر اپنا اسٹیٹس برقرار رکھ سکیں۔ اجمل آئندہ سسیکس کے خلاف ہونے والے میچ کے بعد ممکنہ طور پر پاکستان واپس آئینگے لیکن اس کا دارومدار ویسٹ انڈین بورڈ کی جانب سے گیبریئل کو ووسسٹرشائر اجازت ملنے پر ہے۔

TOPPOPULARRECENT