Thursday , August 24 2017
Home / ہندوستان / احتجاجی مظاہرہ میں بچوں کی شمولیت پر تنازعہ

احتجاجی مظاہرہ میں بچوں کی شمولیت پر تنازعہ

نئی دہلی۔/20اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کا رکنوں نے آج بچوں کی قابل لحاظ تعداد کے ساتھ دہلی میں خواتین کی سلامتی کے مسئلہ پر چیف منسٹر ارویند کجریوال کی قیامگاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس پر بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے اعتراض کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا کہ کانگریس سیاسی مفادات کیلئے بچوں کو استعمال کررہی ہے۔ قومی دارالحکومت میں گزشتہ ہفتہ ایک ڈھائی سالہ اور دوسری پانچ سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعہ کے خلاف کانگریس مہیلا مورچہ نے یہ احتجاج کیا ہے۔ کانگریس لیڈر اور سابق صدر نشین دہلی ویمنس کمیشن برکھا شکلا نے کہا کہ کجریوال اپنے اس اعلان کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں کہ دہلی کو خواتین کیلئے محفوظ بنایا جائے گا۔ جنہوں نے یہ تیقن دیا تھا کہ ہر ایک بس میں گارڈس کی تعیناتی اور سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ لیکن آج تک کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ارویند کجریوال نے یہ بلند بانگ دعویٰ کیا تھا کہ اگر انہیں ایک دن کیلئے بھی چیف منسٹر بنایا گیا تو چمکتار ہوجائیگا، لیکن کئی ماہ گذر گئے اور شہر میں جرائم تشویشناک حد تک بڑھتے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT