Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ادارہ سیاست سے مسلم تحفظات تحریک میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ

ادارہ سیاست سے مسلم تحفظات تحریک میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ

ابتداء مشاعرہ سے ہوگی ، شعراء سے کلام کی طلبی ، 20 مئی ادخال کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔ 12مئی (سیاست نیوز) ادارہ سیاست نے ملت اسلامیہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور جب کبھی ضرورت پیش آئی صحافتی ذمہ داری نبھانے کے ساتھ مذہبی ‘ سیاسی ‘ ادبی ‘تجارتی‘ ترقی پسند طبقات بالخصوص قارئین کی اعانت سے ملت اسلامیہ کی رہبری و رہنمائی کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی بلکہ ہر طرح سے بے خوف و خطر حقائق کو حکومت اور عوام کے روبرو پیش کیا گیا۔ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے وعدے پر اختیار کردہ حکومت کی خاموشی کو دیکھتے ہوئے ادارہ سیاست نے باضابطہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس سے نہ صرف کئی غیر سرکاری تنظیمیں جڑ چکی ہیں بلکہ اب یہ تحریک سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے لگی ہے۔ حکومت کی جانب سے تقررات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگر تحفظات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ملازمتیں ہی باقی نہیں رہیں گی۔ اسی لئے ادارہ سیاست نے تحفظات کی تحریک کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس تحریک سے ادبی حلقوں کو جوڑا جا سکے ۔ مسلم تحفظات کیلئے شروع ہونے والی اس ادبی تحریک کی ابتدائی مرحلہ میں مشاعرہ بعنوان ’’ مسلم تحفظات ‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مشاعرے کے انعقاد کی تاریخ و مقام کا متعاقب اعلان کیا جائے گا لیکن جو شعراء اس حساس مسئلہ پر گیت ‘ نظم ‘ غزل کہنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے کلام 20مئی سے قبل دفتر سیاست پہنچا دیں۔ منتخبہ کلام کو عنقریب منعقد ہونے جا رہے مشاعرے میں سنانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ شعراء اپنے کلام کے ذریعہ عوامی جذبات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے ملی تڑپ کو پیش کر سکتے ہیں۔ ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی تحفظات کی تحریک کو ہر گوشہ سے عوامی تائید حاصل ہو رہی ہے اور اس تحریک سے ادبی شخصیتوں بالخصوص شعراء کی وابستگی تحریک کو مزید مستحکم بنا سکتی ہے۔ شعراء اپنے کلام کے ساتھ مکمل پتہ و فون نمبر بھی تحریر کریں علاوہ ازیں عنوان واضح طور پر تحریر کریں ۔

 

اردو ادیبوں ، شعراء اور صحافیوں پر معلوماتی ڈائرکٹری کی اشاعت
پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو ادیبوں ، شاعروں اور صحافیوں سے متعلق معلوماتی ڈائرکٹری شائع کی جارہی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان اصحاب سے جنہوں نے اب تک اپنے بارے میں تفصیلات جمع نہیں کروائی ہیں خواہش کی ہے کہ وہ اپنی تفصیلات اندرون پندرہ یوم صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی چوتھی منزل حج ہاوز نامپلی میں جمع کروادیں تاکہ ان کے نام ڈائرکٹری میں شامل کیے جاسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائرکٹری میں شائع کئے جانے والے امور حیات میں ایک پاسپورٹ سائز فوٹو ، اصل نام کے ساتھ قلمی نام ، ولدیت ، تاریخ و مقام پیدائش ، تعلیم سنہ کامیابی ، ملازمت یا پیشہ ، مصروفیات ، ادبی انجمنوں سے وابستگی ، تصانیف کی تعداد معہ سنہ اشاعت ، انعامات و اعزازات ، بیرونی ممالک کا سفر ، رہائشی پتہ و موبائل فون نمبر جیسی اہم باتوں کا اندراج ضروری ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT