Saturday , May 27 2017
Home / شہر کی خبریں / ادارہ سیاست سے نوجوانوں کو پروان چڑھانے اور تابناک مستقبل بنانے کا منصوبہ

ادارہ سیاست سے نوجوانوں کو پروان چڑھانے اور تابناک مستقبل بنانے کا منصوبہ

تجارت کی شروعات اور سرمایہ کاری پر عصری پلیٹ فارمس ، 10 مئی سے قبل اسٹارٹ اپ آئیڈیا داخل کریں
حیدرآباد۔5مئی(سیاست نیوز) تجارت کی شروعات کے لئے درکار سرمایہ اور اپنی اختراعی و مثبت فکر کے صحیح استعمال کے ذریعہ کی جانے والی کوشش کو کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی فکر کی تشہیر اور عصری پلیٹ فارمس کا استعمال کرتے ہوئے ان اشیاء کی فروخت ممکن بنائیں جو آپ کی جانب سے تیار کی جاتی ہیں۔ شہر میں کئی ایسے گھرانے ہیں جو اپنے گھر میں تیار ہونے والے منفرد پکوان کے علاوہ دیگر اشیاء اپنے حلقہ احباب میں فروخت کردیتے ہیں ۔ ان گھرانوں میں یہ سلسلہ آج سے نہیں بلکہ کئی زمانے سے چلا آرہا ہے اور اب تو تشہیر کیلئے نوجوان نسل کو پلیٹ فارم بھی دستیاب ہے۔ ریاست تلنگانہ میں موجود با صلاحیت نوجوانوں کی تخلیقی سونچ کو پروان چڑھانے اور انہیں کامیابی کی منزل پر لیجانے کے لئے ادارۂ سیاست کی جانب سے وسیع منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں اور تخلیقی ذہنیت کو پروان چڑھانے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ایسے نوجوان جن کی تخلیقی صلاحیت اور تکنیکی صلاحیت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں جو رکاوٹیں ہیں انہیں دور کرنے کے لئے نہ صرف سرکاری اسکیمات کے ذریعہ مدد حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ خانگی طور پر بھی ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات ممکن ہیں۔ سوشل میڈیا کے علاوہ تیزی سے ترقی پذیر دور میں تکنیکی آلات کے ذریعہ نگرانی کے بڑھتے رجحان کے ساتھ ایسے آئیڈیا جو منفرد ہیں انہیں بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے ایک اسٹارٹ اپ شروع کیا جا سکتا ہے اور اس اسٹارٹ اپ کی ترقی موجودہ مسابقتی دوڑ میں اسی وقت ممکن ہو سکتی ہے جب اسے عصری طریقہ سے روشناس کروایا جائے ۔ گھریلو صنعت کو بھی عالمی بازاروں تک پہنچانا آج کے اس ترقی یافتہ دور میں کوئی مشکل کام نہیں ہے لیکن کسی بھی کام کی شروعات کے لئے یہ ضروری ہے کہ شروع کرنے والا اپنی منزل کا تعین کرے اور اطراف کے ماحول کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے والے کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ اسے مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ادارۂ سیاست کی جانب سے باصلاحیت اور ہنر مند نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی اور پراجکٹ کی تیاری میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ مسلم نوجوانوں میں صلاحیت اور تخلیقی سونچ موجود ہے لیکن وہ اپنی ان تخلیقی صلاحیتوں کو صرف اس لئے پس پشت ڈال دیتے ہیں کیونکہ انہیں اپنی سونچ کو عملی جامہ پہنانے کے راستے نظر نہیں آتے اسی لئے ادارۂ سیاست کے ذریعہ ایسے نوجوانوں کی رہبری اور ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ ان کے اسٹارٹ اپ کی راہیں ہموار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کا مقصد مسلم لڑکے لڑکیوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے ۔ اگر آپ بھی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں یا آپ کے ذہن میں بھی ایسا کوئی منفرد آئیڈیا ہے جس پر عمل آوری کی صورت میں آپ کی معاشی ترقی ممکن ہوتی ہے تو آپ 10مئی سے قبل اپنے نام ‘ اسٹارٹ اپ آئیڈیا کی جزوی تفصیل اور مکمل پتہ و فون نمبر کے ساتھ فوری ای۔میل [email protected] پر روانہ کریں تاکہ موصول ہونے والے تمام اندراجات کا جائزہ لیتے ہوئیمنتخبہ اندراجات کو اس سلسلہ میں جلد منعقد ہونے والے اجلاس میں مدعو کرتے ہوئے منصوبہ کو قطعیت دی جا سکے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT