Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ادارہ سیاست کی ملی، تعلیمی، سماجی اور طبی خدمات کو خراج تحسین

ادارہ سیاست کی ملی، تعلیمی، سماجی اور طبی خدمات کو خراج تحسین

حجامہ کیمپ سے محمد خورشید قدوائی، ڈاکٹر خواجہ بہاؤ الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 جولائی (راست) جناب محمد خورشید قدوائی مؤظف میڈیسنل پلانٹ آفیسر سی آئی ایم اے پی (سی ایس آئی آر) نئی دہلی نے حجامہ طریقہ علاج کو ایک کامیاب طریقہ علاج قرار دیا اور عوام الناس کو اس سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب خورشید قدوائی اردو گھر مغلپورہ میں ادارہ سیاست کے زیراہتمام ڈاکٹر مجیب ہیلت کیر سنٹر کے تعاون سے منعقدہ ایک روزہ مرد حضرات کا حجامہ کے افتتاح کے موقع پر یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے مہمان خصوصی کو ادارہ سیاست کی ملی، ادبی، طبی، علمی اور رفاہی سرگرمیوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ گذشتہ تین برسوں سے ادارہ سیاست کی جانب سے مرد حضرات اور خواتین کا حجامہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے اور لوگ اس سے استفادہ کرتے ہوئے شفایاب ہورہے ہیں۔ جناب خورشید قدوائی نے کہا کہ یہ طریقہ علاج گذشتہ 1400 سال قبل حضورؐ نے اس طریقہ سے علاج کروایا اور لوگوں کو سنت کی روشنی میں بیماریوں کے علاوہ حجامہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست کے ذمہ داران خاص طور پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی ملی خدمات اور دوسری فلاحی کاموں پر زبردست خراج تحسین ادا کیا اور حجامہ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ڈاکٹر خواجہ بہاؤ الدین انصاری مؤظف ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ آیوش حکومت ہند نے کہا کہ حجامہ ایک قدیم طریقہ علاج ہے اور لوگ اب نہ صرف حیدرآباد بلکہ دنیا کے مختلف مقامات، سعودی عربیہ، ساوتھ افریقہ، امریکہ اور دیگر ممالک میں اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے ادارہ سیاست خاص طو رپر اس کے تمام ذمہ داران جناب زاہد علی خان، جناب ظہیرالدین علی خان، جناب عامر علی خان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ فن طب یونانی کی جس طرح سے گذشتہ کئی برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر حکیم سید غوث الدین اور ڈاکر محمد عبدالمجیب کی خدمات کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حجامہ پر مختلف امراض پر ریسرچ کا کام کرتے ہوئے اس کو سائنٹفک طریقے سے دنیا میں روشناس کروائیں گے۔ ماہرحجامہ ڈاکٹر ایم اے مجیب نے اپنے دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ 130 مریضوں کا معائنہ اور حجامہ کے ذریعہ علاج کیا۔ ڈاکٹر مجیب کے ساتھ ڈاکٹر مزمل احمد، ڈاکٹر محمد کلیم، ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر ایم اے رفیع، ڈاکٹر محمد اشتیاق نے مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا اور مفید مشورے دیئے۔

TOPPOPULARRECENT