Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اراضیات کی معلومات کے لیے مابھومی پورٹل کا افتتاح

اراضیات کی معلومات کے لیے مابھومی پورٹل کا افتتاح

تلنگانہ کے سرکاری و غیر سرکاری اراضیات کی تفصیلات دستیاب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔17فبروری(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے اراضیات کی جانکاری کے لئے ما بھومی نامی عوامی پورٹل کا افتتاح انجام دیتے ہوئے مذکورہ پورٹل کو چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ کے محکمہ ریونیو کی جانب سے تحفہ قراردیا۔ آج یہاں سی سی ایل اے دفتر واقع نامپلی اسٹیشن روڈ پر منعقدہ تقریب کے دوران جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ اراضیات کی جانکاری ‘ انہیںباقاعدہ بنانے کے عمل ‘ اراضی خرید وفروخت سے قبل صارفین کے مکمل اطمینان کے لئے اس قسم کاعوامی پورٹل تیار کیاہے جس پرتلنگانہ کے تمام اضلاع کی سرکاری او رغیرسرکاری اراضیات کی تفصیلات موجود ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ حکومت کی تشکیل کے فوری بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائونے ایک روزمیں محدود خاندانی سروے کروایااور اس سروے کی کامیابی کا سہرا تلنگانہ کے محکمہ مال کے عہدیداروں کے سر جاتا ہے ۔ اسکے علاوہ حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات آسراپنشن اسکیم‘ شادی مبارک‘ کلیان لکشمی‘ ڈبل بیڈروم فلیٹ‘ فوڈ سکیورٹی کارڈ کے کامیاب نفاذ میںبھی محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کا اہم رول رہا ہے ۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ بدعنوانی سے پاک انتظامیہ کے نفاذ کو یقینی بنانے کے جو اقدامات چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی جانب سے اٹھائے جارہے ہیں اس میں مزید مستحکم بنانے کے لئے سی سی ایل اے کی جانب سے یہ عوامی پورٹل تیار کیاگیا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ محکمہ مال کے پاس وسائل کی کمی کے باوجود جس خوبی کے ساتھ ہمارا عملہ کام کررہا ہے وہ دیگر محکموں کے لئے ایک مثال ہے ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ چیف کمشنر لینڈ اینڈ ایڈمنسٹریشن ریمنڈ پیٹر اورپرنسپل سکریٹری ریونیو سی آر میناکی نگرانی میںریاست تلنگانہ کے محکمہ مال کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے ۔انہوں نے کہاکہ اراضیات کے رجسٹریشن میںدھاندلیوں کی روک تھام کے لئے محکمہ رجسٹریشن اور بلدیہ کے درمیان میںرابطہ قائم کرنے کاکام بھی کیاجائے گاتاکہ فرضی اور نقلی دستاویزات کے ذریعہ اراضیات کو باقاعدہ بنانے کی روک تھام کی جاسکے۔ قبل ازیں نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے ریاست کے تمام جوائنٹ کلکٹرس‘ آرڈی اوز اور وی آر ائوز سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مذکورہ پورٹل کے استعمال کی ہدایت دی ۔

TOPPOPULARRECENT