Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ارجنٹائن کو ایکواڈور، برازیل کو چلی نے ہرادیا

ارجنٹائن کو ایکواڈور، برازیل کو چلی نے ہرادیا

ورلڈ کپ کوالیفائنگ ابتدائی مقابلوں کے حیرت انگیز نتائج
مائونٹے ویڈیو (یوروگوائے) ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) 2018 ء ورلڈ کپ فٹبال کے لئے جنوبی امریکی کوالیفائنگ مقابلوں میں دنیا کی دو طاقتور ٹیموں کو ابتدائی مرحلے میں شکست ہوگئی۔ ارجنٹائن کو ایکواڈور نے پچھاڑ دیا۔ چلی نے برازیل کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے دی۔ اسٹاڈیو مانومنٹل میں گزشتہ روزہ کھیلے گئے ایک میچ میں ارجنٹائن کی ٹیم نے زخمی کپتان لیونل میسی کی کمی محسوس کی اور سنسنی خیز مقابلے میں شروع سے آخر تک ایکواڈور کی انتہائی چوکس و منظم ٹیم کے خلاف جدوجہد میں مصروف رہیں۔ ارجنٹائن کے اس انجام کا دن میں ہی پتہ چل گیا تھا جب مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر سرجیوآگیورو بھی شدید زخموں کے سبب ارجنٹائن کے لئے کھیل نہیں سکے۔ کھیل کے اختتام سے 10 منٹ قبل تک بھی ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یہ مقابلہ صفر۔صفر پر ڈرا ہوجائے گا لیکن ایکواڈور کے فرکسن ارازو نے ایک گول بنالیا اس طرح ان کی ٹیم کو صفر کے مقابلے ایک سے سبقت حاصل ہوگئی۔ جس کے چند ہی منٹ بعد انٹونیو والنٹیا نے فلپ کاٹیسیڈو تک گیند پہونچائی اور کاٹیسیڈو نے اس کو دوسرے گول میں تبدیل کردیا۔ ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست ہوگئی ۔ دوسرے مقابلے میں برازیل کی ٹیم بھی اپنے کرشماتی کپتان نیمار کی کمی محسوس کی جو فی الحال معطل ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف چلی کی ٹیم نے ابتداء سے سخت مستعدی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے دو اسٹار کھلاڑیوں ایڈوارڈو ورگاس اور الیکسیس مانچیز نے سانتیاگو میں کھیلے گئے مقابلے میں برازیل کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے دی۔ کوپا امریکی مقابلوں میں بھی ورگاس نے چلی کے لئے سب سے زیادہ گول بنایا تھا۔

TOPPOPULARRECENT