Saturday , September 23 2017
Home / دنیا / اردغان کا جرمن وزیرخارجہ کو اپنی حدود میں رہنے کا انتباہ

اردغان کا جرمن وزیرخارجہ کو اپنی حدود میں رہنے کا انتباہ

برلن ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جرمن وزیرخارجہ سگمر گیبرئیل نے آج صدر ترکی رجب طیب اردغان کے حامیوں پر ان کی (سگمر) بیوی کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والے سفارتی بحران کو مزید پیچیدہ کردیا۔ نیوز چیانل این ٹی وی کی نشریات میں بتایا گیا ہیکہ اردغان کی طرزحکومت کو دیکھتے ہوئے ان کے حامیوں کو شاید یہ حوصلہ مل گیا کہ وہ ان کی (سگمر) بیوی کو ہراساں کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عجیب و غریب اور خطرناک صورتحال ہے۔ انہوں نے مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر یہ بات ایک ایسے وقت بتائی جب ناٹو کے حلیف ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہوچکے ہیں۔ یاد رہیکہ ہفتہ کے روز اردغان نے بھی گیبرئیل پر شخصی وار کرتے ہوئے انہیں انتباہ دیا تھا کیونکہ گیبرئیل اردغان کے سب سے بڑے نقاد تھے اور ان کی (اردغان) طرز حکومت اور قیادت کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بناتے تھے کہ کس طرح اردغان اپنے مخالفین اور ناقدین کے ساتھ توہین آمیز رویہ روا رکھتے ہیں۔ اردغان نے کہا کہ گیبرئیل آحر ترکی کے صدر کو مشورے دینے والے کون ہوتے ہیں؟ اپنے ٹی وی خطاب میں اردغان نے انہیں انتباہ دیتے ہوئے اپنی حدود میں رہنے کی بات کہی اور کہا تھا کہ ہمیں سبق سکھانے کی کوشش نہ کریں۔ آخر سیاست میں آپ کا کیا تجربہ ہے اور آپ کی عمر کیا ہے؟ یاد رہے کہ ترکی اور جرمنی کے درمیان گذشتہ سال ترکی میں ہوئی ناکام بغاوت کے بعد تعلقات بیحد خراب ہوگئے ہیں۔ جرمنی میں بھی ترک نسل کے 30 لاکھ افراد آباد ہیں۔

TOPPOPULARRECENT