Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اردو اکیڈیمی سے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے اردو اساتذہ کو بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری / ڈائرکٹر اکیڈیمی کا بیان

اردو اکیڈیمی سے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے اردو اساتذہ کو بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری / ڈائرکٹر اکیڈیمی کا بیان

حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی تلنگانہ و آندھرا پردیش نے ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ و ریاست آندھرا پردیش سے بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے تعلیمی سال 2014-15 اور اردو خوش نویس ایوارڈ کے لیے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے دونوں ریاستوں کے ہر ضلع سے پرائمری اسکول کے ایک ٹیچر ، اپرپرائمری کے ایک اور ہائی اسکول کے ایک ٹیچر ( جملہ تین ایوارڈ ) ، اور کالج سطح پر ہر ضلع سے جونیر کالج کے ایک لکچرر ، ڈگری کالج سے ایک لکچرر ( جملہ دو ایوارڈ ) ، یونانی میڈیکل ٹیچرس کے لیے دو ایوارڈ اور یونیورسٹی اساتذہ کے لیے تین ایوارڈ دئیے جائیں گے ۔ یہ ایوارڈ سرکاری مدارس و کالجس کے اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر دئیے جائیں گے ۔ اسی طرح اردو خطاطی کے ماہرین میں سے ایک خطاط کا انتخاب کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری اردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کے لیے درخواست گذار کی مدت ملازمت کم از کم 5 سال ہونی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کے لیے اکیڈیمی کی جانب سے جاری کردہ فارم پر ٹیچر و ہیڈ ماسٹر کے لیے ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس یا ڈی ای او ، ڈپٹی ڈی ای او کی جانب سے تصدیق اور جونیر و ڈگری کالج لکچرر کے لیے پرنسپل کالج اور ڈی ای وی او ، آر آئی او کی جانب سے تصدیق اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے لیے ڈین / پرنسپل یا رجسٹرار سے تصدیق کے ساتھ اساتذہ اور اردو خطاطی کے ماہرین جنہوں نے خوش نویسی کا امتحان کسی مستند ادارے سے پاس کیا ہو اور کسی ادارہ میں بحیثیت استاذ الخطاط خدمات انجام دے رہے ہوں اپنی ضروری اسناد اور خطاطی کے نمونوں کے ساتھ اپنی درخواستیں 9 اکٹوبر 2015 تک ڈائرکٹر / سکریٹری اردو اکیڈیمی چوتھی منزل ، حج ہاوز نامپلی حیدرآباد کے پتہ پر راست یا ذریعہ پوسٹ داخل کرسکتے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کے لیے اکیڈیمی سے جاری کردہ فارمس صدر دفتر اردو اکیڈیمی ، اردو اکیڈیمی کے تمام اہم مراکز بشمول دفاتر ڈی ایم ڈبلیوز پر مفت دستیاب رہیں گے ۔ اس کے علاوہ درخواست کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی ۔ جب کہ اردو خطاطی ایوارڈ کے لیے درخواست گذار اپنی اسناد و خطاطی کے نمونوں کی کسی مستند ادارے سے تصدیق کے ساتھ سادہ کاغذ پر درخواست دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اردو اکیڈیمی سے ہر دو زمروں میں سابق میں ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ دوبارہ ایوارڈ کے اہل نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ نا مکمل درخواستیں مسترد کردی جائیں گی اور درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں اکیڈیمی کا فیصلہ حتمی ہوگا ۔۔

TOPPOPULARRECENT