Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اردو مسکن میں آج پولیس تقررات کے لیے تربیت کا آغاز

اردو مسکن میں آج پولیس تقررات کے لیے تربیت کا آغاز

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی افتتاح کریں گے ، مینارٹیز اسٹیڈی سرکل کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ڈسمبر (سیاست  نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے میناریٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے گروپ I ، گروپ II امتحانات اور  سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے امیدواروں کی ٹریننگ کا 22 ڈسمبر سے آغاز ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اردو مسکن خلوت میں 2 بجے دن مفت کوچنگ کلاسس کا افتتاح کریں گے۔ مسابقتی امتحانات اور پولیس تقررات کیلئے درخواستیں داخل کرنے والے امیدوار اس پروگرام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ اسٹڈی سرکل کی سرگرمیوں کا منگل سے باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ اردو مسکن کے علاوہ سٹی کالج ، گن فاؤنڈری میں واقع اسٹڈی سرکل کے دفتر اور نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن بنڈلہ گوڑہ میں کوچنگ اور ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ I ، گروپ II امتحانات اور سب انسپکٹرس کے عہدوں کیلئے ابھی تک 524 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں تقریباً 24 مقامات پر ٹریننگ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی امتحانات کیلئے پرانے شہر کے طلبہ کو کوچنگ کے 24 ڈسمبر سے آغاز کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے تعاون سے پرانے شہر کے نوجوانوں کیلئے ایس ایس سی کے اہم مضامین کی کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کوچنگ کا مقصد پرانے شہر کے نوجوانوں کو تعلیم سے وابستہ کرنا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے 3 اگست 2015 ء کو تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کا قیام عمل میں لایا ۔ تاہم اس کی سرگرمیوں کے آغاز کیلئے 4 ماہ کا وقت لگ چکا ہے ۔ اسٹڈی سرکل کے ذریعہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I تا IV کے علاوہ اسٹاف سلیکشن کمیشن، ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ ، بینک پروبیشنریز آفیسرس ، یونین پبلک سرویس کمیشن ، مسلح افواج ، نیم فوجی دستے اور پولیس میں تقررات کیلئے کوچنگ اور ٹریننگ کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم اسٹڈی سرکل کو انفراسٹرکچر کی کمی کا سامنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT