Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اردو میڈیم اسکولوں میں مستقل اساتذہ کا مطالبہ

اردو میڈیم اسکولوں میں مستقل اساتذہ کا مطالبہ

ایک بھی مستقل مدرس نہیں،کیرا میری منڈل میں طلبہ کی احتجاجی ریلی اور دھرنا
کیرا میری /9 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر کیرا میری میں اردو میڈیم ہائی اسکول اور پرائمری اسکول میں اساتذہ کی مستقل تقرری کے لئے طلبہ کی جانب سے زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ تفصیلات کے بموجب کیرا میری منڈل میں اردو میڈیم کے چار پرائمری اور ایک ہائی اسکول ہے، لیکن چار پرائمری اسکولوں میں ایک بھی مستقل مدرس موجود نہیں ہے، جب کہ ہائی اسکول میں صرف ایک مدرس ہے۔ گزشتہ سال تک منڈل کے چار پرائمری اسکولوں میں ودیا والنٹیرس کے ذریعہ تعلیمی سال مکمل کیا گیا، لیکن جاریہ تعلیمی سال کے دو ماہ مکمل ہونے کے باوجود نہ تو ان اسکولوں میں کسی مستقل مدرس کا تقرر کیا گیا اور نہ ہی کسی ودیا والنٹیرس کو متعین کیا گیا، جس کی وجہ سے منڈل کے ان چاروں پرائمری اسکولوں میں تعلیمی سال کا آغاز اب تک نہیں ہوسکا۔ اسی طرح اردو میڈیم ہائی اسکول جھری میں گزشتہ سال تک اردو میڈیم کی ایک معلمہ اور تلگو میڈیم کے ایک مدرس کے علاوہ ایک صدر مدرس خدمات انجام دے رہے تھے، لیکن جاریہ تعلیمی سال کے آغاز کے کچھ یوم بعد سے اردو میڈیم کی معلمہ میڈیکل رخصت پر ہے اور صدر مدرس امیر عبد اللہ خان کا دوسرے مقام پر تبادلہ عمل میں آنے کی وجہ سے اس اسکول میں تلگو میڈیم کا ایک (غیرمسلم) مدرس خدمت انجام دے رہا ہے، جس کی وجہ سے اس مدرسہ میں زیر تعلیم طلبہ کا زبردست تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، جس سے اولیائے طلبہ میں کافی بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں اس مدرسہ میں زیر تعلیم طلبہ کے سرپرستوں، منڈل کے تلگودیشم، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کی قیادت میں پرائمری اور ہائی اسکول اردو میڈیم جھری کے طلبہ کی جانب سے زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مقامی تحصیل آفس کے سامنے دھرنا منظم کیا گیا۔ یہ احتجاجی ریلی کیرا میری صدر مارکٹ سے گزرتی ہوئی مہتمم تعلیمات منڈل کیرا میری کے دفتر پہنچی اور وہاں موجود مہتمم تعلیمات جی ملیا کو یادداشت پیش کی۔ بعد ازاں یہ ریلی مقامی تحصیل آفس پہنچ کر دھرنا میں تبدیل ہو گئی۔ اس دوران تحصیلدار جاڑی شنکر نے جلد از جلد ان مدارس میں مستقل اساتذہ کی تقرری کا تیقن دیا، جس کے بعد طلبہ نے دھرنا ختم کردیا۔ اس ریلی اور دھرنا میں پرائمری اسکول کے چیرمین شیخ الہی، ہائی اسکول کے چیرمین شیخ محمد اور اولیائے طلبہ کے علاوہ سیاسی قائدین شیخ دستگیر، شیخ منیر، ماچرلا گنیش، افتخار احمد، لکشمن راؤ اور دیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT