Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اردو میڈیم طالبہ کا غیر معمولی کارنامہ ، بی اے میں تلنگانہ میں اول مقام

اردو میڈیم طالبہ کا غیر معمولی کارنامہ ، بی اے میں تلنگانہ میں اول مقام

بودھن کی حنا سلطانہ کو کمشنر و سکریٹری کالجیٹ ایجوکیشن کی جانب سے تہنیت
ہونہار طالبہ کی ممکنہ مدد کرنے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا اعلان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی ) : محنت کے ساتھ کسی میں کچھ کر گذرنے کا جذبہ ہو تو قدرت اسے ضرور کامیابی و کامرانی عطا فرماتی ہے ۔ آج کل اکثر لوگوں میں اردو میڈیم کے تعلق سے احساس کمتری پائی جاتی ہے لیکن اردو میڈیم طلباء وطالبات کو کسی بھی قسم کی احساس کمتری میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ۔ صرف انہیں محنت ، محنت اور محنت کرنی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار ساری ریاست کے گورنمنٹ کالجس میں بی اے امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ حنا سلطانہ نے کیا ۔ انہوں نے آج اپنے والد شیخ انور اور جناب قاضی سید ارشد پاشاہ ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس ، اور محمد صمصام الدین و دیگر کے ہمراہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی ۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ملت کے ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے ۔ آپ کو بتادیں کہ حنا سلطانہ نے نہ صرف ساری ریاست کے گورنمنٹ ڈگری کالجس میں بی اے میں اول مقام حاصل کیا ۔ بلکہ اکنامکس میں 100 سے 100 اور اردو میں بھی 100/100 نمبرات حاصل کرتے ہوئے اپنے کالج گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن اپنے والدین شیخ انور اور ریحانہ بیگم کا نام روشن کیا ۔ سکریٹری تلنگانہ کالجیٹ ایجوکیشن شریمتی آربھٹا چاریہ اور کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن شریمتی وانی پرساد نے حنا سلطانہ کو ریاست میں اول مقام حاصل کرنے پر ایک لیاپ ٹاپ ، مومنٹوز اور سرٹیفیکٹس عطا کئے ۔ بودھن کے علاقہ شربتی کنال اولڈ بس اسٹانڈ کی ساکن حنا سلطانہ نے 600 میں سے 570 نمبرات حاصل کئے ۔ کالج پرنسپل ویر پرساد نے انہیں 1000 روپئے انعام عطا کیا ۔ اس طالبہ نے بتایا کہ ان کی اس کامیابی میں سب سے بڑا رول ان کے والدین کا اور پھر اساتذہ کا رہا ۔ واضح رہے کہ حنا کے والد اولڈ اسکراپ کا کاروبار کرتے ہیں ۔ وہ تین بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ حنا نے ایس ایس سی اقراء ماڈل اسکول بودھن سے کیا اور انہیں اردو میڈیم سے پڑھنے پر فخر ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے حنا سلطانہ کی ہر طرح سے مدد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اس لڑکی کو سیاست اور امریکی سفارتخانہ کے انگریزی سیکھئے پروگرام میں داخلہ دلایا جائے گا ۔ اور کمپیوٹر کورس کروائے جائیں گے ۔ حنا سلطانہ کے مطابق وہ آئی اے ایس آفیسر بننے کی خواہاں ہے ۔ امید ہے کہ ایک دن اس لڑکی کا یہ خواب ضرور پورا ہوگا کیوں کہ خواب دیکھنا زندہ قوموں کی علامت ہوتی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کے دوران قاضی سید نجیب اللہ حسینی اور شیخ آصف بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT