Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ارزاں فروشی کی دکانات پر ای پاس مشینوں کی تنصیب

ارزاں فروشی کی دکانات پر ای پاس مشینوں کی تنصیب

آئی ریش کے حصول کی بھی سہولت ، اندرون ماہ مشینوں کی تنصیب کا کام مکمل
حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) ریاست کی ارزاں فروشی کی دکانات پر عصری ای پاس مشین لگائے جائیں گے جو نہ صرف انگوٹھے کا نشان لینے کے اہل رہیں گے بلکہ ان مشینوں کے ذریعہ میں آئی ریش کے حصول کی سہولت بھی حاصل رہے گی۔ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے ریاست بھر میں موجود 15ہزار 606ارزاں فروشی کی دکانات پر آئندہ ایک ماہ کے دوران ان مشینوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیاجائے گا۔ ان مشینوں کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے اس میں جی پی ایس ٹریکنگ مشین کی تنصیب عمل میںلائی گئی ہے۔محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے نصب کی گئی ای۔پاس مشینوں میں تکنیکی خرابی کے بعد محکمہ نے فیصلہ کیا کہ ریاست کے تمام ارزاں فروشی کی دکانات میں موجود مشینوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ ارزاں فروشی کی دکانات پرجی پی ایس سے مربوط مشینوں کی محبوب نگر کے 40دکانات میں تنصیب عمل میں لائی گئی تھی تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔ محبوب نگر میں ان مشینوں کی بہتر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت اور محکمہ سیول سپلائز نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام ارزاں فروشی کے دکانات میں ان مشینوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محبوب نگر میں جن 40ارزاں فروشی کی دکانات پر تجرباتی اساس پر یہ مشینیں نصب کی گئی تھیں ان کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں اور آئندہ ماہ سے تمام راشن کی دکانات پر یہ مشین نصب کردیئے جائیں گے۔راشن کی دکانوں پر آدھار‘ انگوٹھے کے نشان اور آئی ریش سے مربوط ای پاس مشین کی تنصیب کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار اختیار کئے جائیں گے اور اس طرح ریاست میں 13ہزار 2دیہی علاقوں کی راشن کی دکانات کے علاوہ 4ہزار 157شہری علاقوں کی دکانات میں الکٹرانک ادائیگی یا کارڈ یا آدھار کے ذریعہ ادائیگی کا نظم شروع کردیا جائے گا اور یہ محفوظ ادائیگی ثابت ہوگی۔ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کے مطابق ارزاں فروشی کی دکانات میں جو مشین نصب کئے جا رہے ہیں ان میں کارگیرندوں کی مکمل تفصیلات موجود رہے گی اور اس مشین کے ذریعہ ان کے بینک کھاتہ بھی مربوط رہیں گے اسی لئے ایک ہی مشین کے ذریعہ کارڈ گیرندوں کی شناخت اور الکٹرانک ادائیگی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔باوثوق ذرائع کے مطابق راشن کی دکانات پر موجود بائیومیٹرک مشینوں میں خامیوں کی نشاندہی اور خرابیوں کو دور کرنے کے کئے محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے فوری اقدامات کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ راشن کارڈ گیرندوں کے نام پر حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے راشن کی کالا بازاری کو روکا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT