Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / ارون جیٹلی کا جاریہ ہفتے دورہ امریکہ اور روس

ارون جیٹلی کا جاریہ ہفتے دورہ امریکہ اور روس

نئی دہلی 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی جاریہ ہفتے امریکہ کا دورہ کرینگے جہاں ورلڈ بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے ۔ اس کے بعد ارون جیٹلی ماسکو ( روس )کا دورہ بھی کرنے والے ہیں جہاں وہ باہمی فوجی تعلقات کو مستحکم کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ ارون جیٹلی چہارشنبہ کو واشنگٹن کیلئے روانہ ہونگے اور وہ ورلڈ بینک ۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے اجلاسوں میں 21 تا 23 اپریل شرکت کرینگے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ان ملاقاتوں میں عالمی بینکوں کے عہدیداران ‘ وزرائے فینانس و ڈیولپمنٹ ‘ خانگی شعبہ کے ایگزیکیٹیوز اور ماہرین تعلیم وغیرہ بھی شرکت کرینگے جس میں عالمی تشویش کے مسائل بشمول عالمی معاشی منظر نامہ ‘ عالمی معاشی استحکام ‘ انسداد غربت ‘ روزگار اور ترقی ‘ معاشی ترقی اور امداد کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ ارون جیٹلی 2014 میں وزیر فینانس بننے کے بعد سے مسلسل ان اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ امریکہ اور دوسرے ممالک کے وزرائے فینانس سے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملاقاتیں کرینگے ۔ معاشی امور کے سکریٹری شکتی کانتا داس بھی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کیلئے واشنٹنگ جائیں گے ۔ واشنگٹن سے مسٹر جیٹلی روس کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہونگے ۔ یہ دورہ 25 اپریل سے شروع ہوگا ۔ ارون جیٹلی وزارت دفاع کا اضافی قلمدان رکھتے ہیں اور وہ روسی قیادت کے ساتھ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT