Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اساتذہ کی بہتر رہنمائی و رہبری پر طلبہ کا تابناک مستقبل

اساتذہ کی بہتر رہنمائی و رہبری پر طلبہ کا تابناک مستقبل

انجمن ترقی عظیم تر حیدرآباد کے مقابلہ کی تقسیم انعامات تقریب، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (راست) ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی فلک نما و شاخ انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد کے زیراہتمام 9 ستمبر چہارشنبہ کو مقابلہ جاتی سلسلہ کا پہلا تقریری مقابلہ گورنمنٹ ہائی اسکول فاطمہ نگر وٹے پلی میں منعقد ہوا، جس میں بعنوان ’’یوم اساتذہ‘‘ میں تقریباً 16 طالبات نے حصہ لیا۔ اس کی صدارت انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد کے صدر جناب محمد مسعود فضلی نے کی۔ حکم (جج) کے فرائض جہانگیر احساس نے انجام دیئے۔ سید فضل الحق رضوی نے اپنی تقریر میں کئی ایک اہم اور موزوں مثالیں اساتذہ کی کارکردگی اور ان کے ادب و احترام کے بارے میں بتلائیں جس سے طلبہ کافی متاثر ہوئے۔ طلباء و طالبات کی تقاریر اور ان کے خیالات کو پروان چڑھانے اور اردو کی ترقی میں طلباء کے احساسات کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ عبدالمجید نور نے اپنی افتتاحی تقریر میں اسکول کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور نظامت کے فرائض بڑی اسلوبی سے نبھائے۔ جہانگیر احساس نے کہا کہ اس محلہ کا یہ ایک شاندار اسکول ہے۔ بچوں کی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج طلباء کی اپنے اساتذہ کی خدمات سے ہی اور ان کے بتلائے ہوئے راستہ کو اپنانے سے ہی ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔ جناب نثاراحمد مدرس نے مدرسہ ہذا کی ترقی اور طلباء کو تعلیم سے وابستہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ محمد رضوان بیابانی انچارج تعلیمی امور نے کہا کہ اساتذہ ہی روشنی کے مینار ہیں۔ ان کی روشنی میں ہی طلباء و طالبات آگے کی سمت بڑھ سکتے ہیں۔ صدر انجمن ترقی اردو جناب مسعود فضلی نے کہا انجمن کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹرز کے قیام اور ان مراکز پر تعلیم بالغان کا کامیابی کے ساتھ ہونا انجمن کی کارکردگی ہے۔ آخر میں جناب عابد علی خان نائب صدر انجمن ترقی اردو کے ہاتھوں کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ جناب عبدالمجید نور کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

TOPPOPULARRECENT