Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اساتذہ کے تقررات پر آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا اجلاس

اساتذہ کے تقررات پر آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا اجلاس

31 اضلاع میں تقررات کی تیاری ، حکومت سے رہنمایانہ قواعد مرتب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں 8792 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کرنے کا جائزہ لینے کے لیے 12 اکٹوبر کو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کا ہنگامی اجلاس طلب کیاجارہا ہے ۔ 31 اضلاع کی بنیاد پر تقررات کئے جائیں گے ۔ اسکول اسسٹنٹ کی جائیدادوں کے لیے ڈگری میں 50 فیصد ایس جی ٹی جائیدادوں کے لیے انٹر میڈیٹ میں امیدواروں کا 50 فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہے ۔ ریاست میں سرکاری ، ضلع پریشد ، منڈل پریشد اسکولس میں پائی جانے والی 8792 ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا قطعی فیصلہ ہوگیا ہے اور اس کے لیے ٹیچرس ریکروٹمنٹ ٹسٹ ( ٹی آر ٹی ) کے رہنمایانہ اصول بھی جاری کردئیے گئے ہیں اور اس کی ایک کاپی تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو پہونچا دی گئی ہے ۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد 31 اضلاع کی اساس پر ٹیچرس کے تقررات کرنے کی محکمہ قانون نے منظوری دے دی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کے اتفاق کے بعد جی او 25 بھی جاری کردیا گیا ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ٹیچرس کے مخلوعہ جائیدادوں ، اور روسٹرس پوائنٹس کی تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے ۔ نصاب کی تیاری اور ٹسٹ کا انعقاد تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔ ماضی کی طرح لینگویج پنڈت کی جائیدادوں کے لیے مختلف بورڈس ، اداروں ، یونیورسٹی سے حاصل کی جانے والی مماثلت ڈگریوں کو قبول کرنے کے نظام کو برخاست کردیا گیا ہے ۔

ٹیچرس تقررات کے نظام میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ یو جی سی قواعد کے مطابق اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کیڈر جائیدادوں کے لیے کسی بھی بیچلر ڈگری یا پی جی کی ڈگری میں 50 فیصد نشانات سے کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے ۔ این سی ٹی ای ملحقہ تعلیمی اداروں سے بی ایڈ کی تعلیم حاصل کرنا یا 4 سالہ ڈگری انٹگریٹیڈ کورسیس مثلا ( بی اے ۔ بی ایڈ ۔ ایم ایس سی ۔ بی ایڈ ) میں 50 فیصد نشانات حاصل کرنا ضروری ہے ۔ اس کے ساتھ ٹی ایس ٹیٹ یا سی ٹیٹ کے اہل ہونا بھی لازمی ہے ۔

2 جون 2014 سے قبل انعقاد کردہ اے پی ٹیٹ میں اہل ہونے والے امیدوار بھی درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی طلبہ کے لیے ڈگری میں 45 فیصد نشانات سے کامیابی حاصل کرنا کافی ہے ۔ اسکول اسسٹنٹ کی جائیدادوں میں حساب ، فزیکل سائنس ، بائیولوجیکل سائنس ، سوشیل اسٹیڈیز ، انگلش ، تلگو ، ہندی ، اردو ، کنڑا ، تامل ، مراٹھی ، سنسکرت مضامین رہیں گے ۔ سیکنڈ گریڈ ٹیچر کیڈر جائیدادوں کے لیے اہلیت ثابت کرنے میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ انٹر میں کم از کم 50 فیصد مارکس کے ساتھ ڈپلوما ان ایجوکیشن ( ڈی ایڈ ) کورس کی تکمیل لازمی ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی امیدواروں کو انٹر میڈیٹ میں 45 فیصد مارکس حاصل کرنا اور 2010 سے قبل ڈی ایڈ مکمل کرنے والوں کو انٹر میں 45 فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہے ۔ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کیڈر جائیدادوں کے لیے انٹر میں 50 فیصد مارکس ضروری ہے ۔ فزیکل ایجوکیشن میں یو جی ڈپلوما / ڈپلوما ان فزیکل ایجوکیشن کی تکمیل بھی لازمی ہے ۔ ٹیٹ میں اہلیت حاصل کرنے والے امیدواروں کو 20 فیصد ویٹیج دئیے جائیں گے ۔ ٹی ایس ٹیٹ / اے پی ٹیٹ / سی ٹیٹ میں اہل ثابت ہونا 150 ٹیٹ کے مارکس میں او سی طبقات کے لیے 90 مارکس بی سی کے لیے 75 مارکس ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے لیے 60 فیصد مارکس ضروری ہے ۔ ایک ہفتہ 10 دن میں ٹیچرس ریکروٹمنٹ ٹسٹ کے لیے اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے ۔ صدارتی حکمنامہ کے تحت 80/20 کوٹہ کے تحت 31 اضلاع میں ٹی آر ٹی کے ذریعہ جائیدادوں پر بھرتی کی جائے گی ۔ ڈی ای او اپائنمنٹ اتھاریٹی رہیں گے ۔ ایس اے ، ایس جی ٹی اور لینگویج پنڈت کیلئے تین علحدہ علحدہ ٹسٹ کا انعقاد کیا جائیگا ۔۔

مضمون واری مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات
اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کی جائیدادیں 1,950
سیکنڈری گریڈ ٹیچرس کی جائیدادیں 5,415
لینگویج پنڈت کی جائیدادیں 1,011
پی ای ٹیز کی جائیدادیں 416
جملہ جائیدادیں 8,792

 

TOPPOPULARRECENT