Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / اساتذہ کے تقررات پر اقلیتی امیدواروں کو ٹریننگ

اساتذہ کے تقررات پر اقلیتی امیدواروں کو ٹریننگ

ماہر اساتذہ کی خدمات ، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 5 مئی (سیاست نیوز) سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز (سی ای ڈی ایم) کی جانب سے ریاست کے ا قامتی اسکولوں میں اساتذہ کے تقررات کے لیے اقلیتی طلبہ کو ٹریننگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا۔ ریاست بھر میں 10 مراکز پر اقلیتی طلبہ کو ٹیچرس کے عہدوں پر انتخاب کے لیے ماہر اساتذہ کی نگرانی میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پہلے نوٹیفکیشن کے بعد امیدواروں کو ایک ماہ کی ٹریننگ دی گئی تھی۔ کمیشن کی جانب سے شرائط کی تبدیلی کے ساتھ جاری کردہ نئے اعلامیہ کے بعد دوبارہ کوچنگ کا آغاز کیا گیا جو 11 مئی تک جاری رہے گی۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد میں دو مراکز کام کررہے ہیں۔ نظام کالج مرکز پر 428 اور پرانے شہر کے خلوت کے مرکز پر 142 امیدوار ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عادل آباد، کریم نگر، محبوب نگر، نلگنڈہ، نظام آباد، سنگاریڈی اور سدی پیٹ میں بھی کوچنگ کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کے اقامتی اسکولوں کے ٹی جی ٹی، پی جی ٹی، کرافٹ ٹیچرس کے تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ کوچنگ کے انعقاد کا مقصد ٹیچرس کی جائیدادوں میں اقلیتی امیدواروں کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنانا ہے۔ اقلیتی اقامتی اسکولس کی 2080 جائیدادوں پر تقررات کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پبلک سرویس کمیشن کے اہلیتی امتحان میں سی ای ڈی ایم کے ٹرینڈ طلبہ بڑی تعداد میں منتخب ہوں گے۔ ٹیچرس کے انتخاب کے لیے پلیمنری امتحان 31 مئی کو منعقد ہوگا۔ جبکہ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 مئی مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے تقررات کے سلسلہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری کی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT