Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / استصواب عامہ کا مطالبہ فرسودہ ، کشمیری ہمارے لوگ ہیں

استصواب عامہ کا مطالبہ فرسودہ ، کشمیری ہمارے لوگ ہیں

نئی دہلی ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے کشمیر میں استصواب عامہ کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے فرسودہ نظریہ قرار دیا اور کہا کہ کشمیری ’’ہمارے ہی لوگ ‘‘ ہیں جنھیں گمراہ کیا جارہا ہے اور وادی میں بدامنی کیلئے پاکستان کو مورد الزام قرار دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ صورتحال سے نمٹنے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ کشمیر میں دس دن سے جاری بدامنی کا موضوع آج راجیہ سبھا کے پہلے دن چھایا رہا (خبر صفحہ 3 پر ) جہاں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی حل تلاش کرے اور کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندی سے انتہائی سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ہجوم سے نمٹنے کے معاملے میں بندوق کا فوری استعمال نہیں ہونا چاہئے ۔ پہلے آنسو گیاس اور واٹر کینن کے ذریعہ صورتحال سے نمٹا جانا چاہئے ۔ پلیٹ گنس کے استعمال کے بارے میں جس کی وجہ سے زیادہ تعداد میں عام شہری زخمی ہوئے ہیں وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے اور اس ضمن میں چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے بھی بات کریں گے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور خود انھوں نے سکیورٹی فورسیس کو ہدایت دی ہے کہ تشدد پر آمادہ ہجوم سے نمٹنے کے معاملے میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ وادی کشمیر میں 8 جولائی کو عسکریت پسند برہانی وانی کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد تشدد پھوٹ پڑا اور اس کا سلسلہ اب تک جاری ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انھوں نے گزشتہ ہفتے کشمیر کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور وہ عوام سے راست ملاقات کرنا چاہتے تھے ۔ محبوبہ مفتی نے جہاں اس پیشکش کا خیرمقدم کیا وہیں کہا کہ صورتحال معمول پر آنے تک انتظار کریں۔ محبوبہ مفتی خود دہلی آئیں گی اور اُن سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کے طریقہ کار کے بارے میں تبادلۂ خیال کریں گی ۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے پاکستان اُس کی سرپرستی کررہا ہے۔ اُس کا نام ’’پاکستان‘‘ ہے لیکن وہ ’’ناپاک‘‘حرکتیں کررہا ہے۔ استصواب عامہ کے مطالبہ کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے اسے یکسر مسترد کردیا۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری ہمارے لوگ ہیں اور ہم اُنھیں سیدھی راہ پر لائیں گے ۔ ہم انھیں حقائق سے پوری طرح باخبر کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT