Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / استنبول میں ’’اوپن افطار‘‘کا اہتمام

استنبول میں ’’اوپن افطار‘‘کا اہتمام

استنبول ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور دنیا کا ہر مسلمان سحری، روزہ، افطار اور تراویح کا اہتمام بڑے ذوق و شوق اور خشوع و خضوع سے کرتا ہے۔ اسی طرح ترکی میں طلباء نے ’’اوپن افطار‘‘ کے نام سے ایک بین الاقوامی پراجکٹ شروع کیا ہے جو نہ صرف ترکی بلکہ دنیا کے مختلف اسلامی ممالک میں شروع کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ افطار کے موقع پر نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیرمسلموں کو بھی شامل کرتے ہوئے اسلام کی تعلیمات کو عام کیا جائے گا۔ رمضان المبارک اسلامی کیلینڈر کا نواں مہینہ ہے جہاں صبح صادق سے مغرب تک دنیا کے تمام مسلمان کھانا پینا ترک کرتے ہوئے صرف عبادت الہٰی میں مصروف رہتے ہیں۔ روزہ اسلامی تعلیمات کے پانچ اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔ جاریہ سال 6 جون سے رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے لہٰذا برطانیہ میں موجود کمیونٹی کے کچھ طلباء نے ’’رمضان ٹینٹ پراجکٹ‘‘کے تحت دنیا کے پانچ ممالک کے سات شہروں میں ’’اوپن افطار‘‘ کے اہتمام کی تیاریاں شروع کردی ہیں جن میں استنبول بھی شامل ہے۔ اس موقع پر پراجکٹ کے سربراہ احمد غنیم نے بتایا کہ پراجکٹ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں ہے بلکہ غیرمسلموں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ آرگنائزنگ کمیٹی میں متعدد غیرمسلم موجود ہیں۔ ترکی میں ’’اوپن افطار‘‘ ایک عام بات ہے جبکہ دیگر مسلم ممالک کے علاوہ غیرمسلم ممالک میں رہنے والے مسلمان بھی غروب آفتاب کے بعد روزہ کھولنے کیلئے افطارکا اہتمام کرتے ہیں جو عام طور پر مغرب کی اذان کے ساتھ ہی کھولا جاتا ہے جس میں مسلمان اپنے غیرمسلم دوستوں کو بھی شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT