Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / اسدالدین اویسی بی جے پی کے بروکر، قائد مجلس کو محاسبہ کا مشورہ

اسدالدین اویسی بی جے پی کے بروکر، قائد مجلس کو محاسبہ کا مشورہ

ڈگ وجئے سنگھ کو جوکر قرار دینے پر خواجہ فخرالدین کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔12مارچ (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سیکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کو رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی کی جانب سے’ جوکر‘ قرار دیئے جانے پر صدرنشین تلنگانہ صدر پردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ مسٹر خواجہ فخرالدین نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ قومی سطح کے قد آور سیاسی قائد ہیں اور ان کی طویل مدتی خدمات ہیں اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے اسد الدین اویسی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا بروکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بی جے پی کے مددگار ثابت ہو رہے ہیںاور ایک قد آور قائد کے متعلق اہانت آمیز جملوں کے استعمال کے ذریعہ وہ خود کو ان کے برابر سمجھنے لگے ہیں۔ جناب خواجہ فخر الدین نے صدر مجلس کو مشورہ دیا کہ وہ اقدار پر مبنی سیاست کریں یا اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کبھی فرقہ پرست سیاسی جماعتوں بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی کی مددگار ثابت نہیں ہو سکتی لیکن کانگریس کو اپنی تنقید کا نشانہ بنانے والے مجلسی قائد کو اپنے گریباں میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کی بے جا تنقیدوں کا سلسلہ جاری رہا تو کانگریس قائدین بھی جمہوریت کے دائرہ میں کاروائی کے مجاز ہیں اور وہ بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ کوئی غیر اخلاقی سیاست کو فروغ حاصل ہو۔ مسٹر خواجہ فخرالدین نے کہا کہ کانگریس اصول کی بنیاد پر کسی پر تنقید کرتی ہے اوران تنقیدوں میں تعمیر کے پہلو ہوا کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مجلس کی جانب سے اے آئی سی سی سیکریٹری کو جوکر قرار دیا جانا صدر مجلس کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کس طرح کی تخریبی سیاست کے حامی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات‘ بہار اسمبلی انتخابات‘ بنگلورو کارپوریشن انتخابات ‘ کے علاوہ ممبئی و دیگر مہاراشٹرا کے بلدیات میں مجلس کے حصہ لینے کا کسے فائدہ ہوا اس سے یہ ثابت ہوچکا ہے اور اب یہ بات ظاہر ہو چکی ہے کہ مجلس کس کی ایماء پر ان انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT