Saturday , September 23 2017
Home / عرب دنیا / اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی ہلاک

یروشلم ، 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غربِ اردن میں ایک بس اسٹاپ پر موجود افراد پر حملوں کی کوشش کرنے والے تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ فوج کے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دو افراد نے بیت الخلیل کے نزدیک بس اسٹاپ پر کھڑے راہ گیروں پر فائرنگ کی جس پر انھیں  فوجیوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ تیسرے شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے اپنی گاڑی اس فوجی گاڑی سے ٹکرائی تھی جو بس اسٹاپ پر حملے کے بعد وہاں پہنچی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران تین فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ رواں ماہ اسرائیلیوں پر حملے اور جوابی کارروائی میں فلسطینیوں کی ہلاکت کا چوتھا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 9 مارچ کو تل ابیب کے جنوب میں جفا کے مقام پر ایک شخص نے چاقو کے حملے میں دس افراد کو نشانہ بنایا اور اس واقعے میں ایک امریکی سیاح ہلاک ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں بھی دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں جس سے وہ زخمی ہو گئے تھے ہیں۔ چوتھا حملہ بھی تل ابیب کے نزدیک پیتہ تکوا میں ہوا تھا جہاں ایک نہایت قدامت پسند یہودی پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی پولیس نے کہا  کہ ان تینوں حملوں میں شامل حملہ آور فلسطینی تھے جنھیں ہلاک کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT