Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / اسرائیل مسجد اقصیٰ پر پابندی لگانے سے بازرہے :تنظیم علماء حق

اسرائیل مسجد اقصیٰ پر پابندی لگانے سے بازرہے :تنظیم علماء حق

 

نئی دہلی،26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینیوں پر اسرائیل کے مبینہ مظالم اورقبلہ اول مسجد اقصی کے دروازے بند کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق کے قومی صدر مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے الزام لگایا کہ کہ قلب فلسطین میںآباداسرائیلی مملکت پچاس سال سے زائد عرصے سے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کی مختلف بندشوں کی وجہ سے فلسطینیوں کی معمول کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور اس کی وجہ سے زندگی کے مسائل پیچیدہ ہوگئے ہیں جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی مسلمانوں پرمسجد اقصی اور دیگر مساجد اور عبادت گاہوں کے دروازے بند کرنے کی جس جارحانہ پالیسی پر عمل کر رہی ہے ،اس پر پوری دنیا کے مسلمان اور انصاف پسند افراد ناراض ہیں، مگر اسرائیل نے ہٹ دھرمی کی ساری حدیں توڑ دی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مسجد اقصی اور دیگر مقدسات کے دروازے مسلمانوں اور فلسطینیوں پر بند کرنے کی یہ کارروائی کوئی نئی نہیں ہے ، بلکہ اب یہ جارحانہ اور غیر منصفانہ عمل اسرائیلی مملکت کے معمول اور اس کی پالیسی کا اہم حصہ بن گیا ہے ۔ انھوں نے اسرائیل کے جنگی جنون کے خلاف عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے منصفانہ کارروائی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو مملکت پچھلے 68 سالوں میں اقوام متحدہ کے ذریعے پاس کی جانے والی تمام قرار دادوں کو اپنے پیروں تلے روند تے ہوئے درندگی کی ساری حدوں کو پار کرچکی ہو، اس کے خلاف مذمت کے چند رسمی الفاظ کافی نہیں، بلکہ اس کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرنے اور اس کو قرار واقعی سزا دلانے کی ضرورت ہے ۔

 

واگھیلا کی جگہ راٹھوا اپوزیشن لیڈر
گاندھی نگر، 26جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی میں اپوزیشن پارٹی کانگریس کے لیڈر کے طور پر شنکرسنگھ واگھیلا کے استعفیٰ کے بعد کانگریس کے نئے اپوزیشن لیڈر منتخب کئے گئے موھن سنگھ راٹھوا نے آج اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ مشرقی گجرات کے چھوٹاادے پور سیٹ سے ممبر اسمبلی راٹھوا نے پارٹی کے ریاستی صدر بھرت سنگھ سولنکی، گجرات انچارج اشوک گہلوٹ، راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ احمد پٹیل کی موجودگی میں منصب سنبھالا۔ انہیں بھی اصول کے مطابق کابینی وزیر کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ انہیں کل احمد آباد میں پارٹی اراکین کی میٹنگ میں اپوزیشن لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ واگھیلا نے کانگریس سے ناراضگی کی وجہ سے پارٹی اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے حال ہی میں استعفیٰ دے دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT