Sunday , August 20 2017
Home / عرب دنیا / اسرائیل کی جیلوں میں سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال

اسرائیل کی جیلوں میں سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال

رملہ ( فلسطینی اتھاریٹی ) 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی جیلوں میں سینکڑوں فلسطینیوں کی جانب سے آج بھوک ہڑتال کی گئی ۔ یہ فلسطینیوں کے احتجاج کی نئی لہر ہے اور فلسطینی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے ۔ کچھ احتجاجیوں نے اسرائیلی جیلروں پرہراسانی کا الزام عائد کیا جبکہ کچھ دوسروں نے قیدی بلال کیاد سے اظہار یگانگت کے طور پر بھوک ہڑتال کی ۔ بلال نے 52 دن سے کسی الزام کے بغیر حراست میں رکھنے کے خلاف بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ فلسطینی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ایک اسرائیلی جیل عہدیدار نے کہا کہ یہ احتجاج ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل کے اس فیصلے کی وجہ سے کیا جا رہا ہے جس کے تحت عسکری تحریک حماس سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو علیحدہ سیلوں میں رکھا جا رہا ہے ۔ فلسطینی قیدیوں کے کلب نے ایک بیان میں کہا کہ تقریبا 80 قیدیوں نے آج کھانا ترک کردیا اور وہ ان 325 قیدیوں کے ساتھ شامل ہوگئے جو مختلف جیلوںمیں گذشتہ دو دن سے ہڑتال پر ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ اندیشے بھی ہیں کہ اتوار سے مزید فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال میںشامل ہوجائیں۔ فلسطینی اتھاریٹی کے محروسین کے امور سے متعلق کمیشن نے کہا کہ قیدیوں نے جاریہ ہفتے جیلوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے جواب میں یہ احتجاج شروع کیا ہے ۔ نئے فیصلے کے تحت کئی قیدیوںکو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور قیدیوں کو دوسرے مقامات کو بھی منتقل کیا جا رہا ہے ۔ اسرائیلی جیلوں کی سرویس نے کہا کہ ہفتے کے دوران اس نے حماس کے قیدیوں کو مختلف مقامات پر منتقل کیا ہے ۔ ان کے سیلوں کی تلاشی لی گئی ہے اور وہاں سے موبائیل فونس کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ یہ ساری کارروائی انٹلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کیونکہ ان قیدیوں کو باہر سے ہدایات مل رہی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT